لانگ مارچ : پی ٹی آئی عہدیداروں ، کارکنوں کی گرفتاریوں کا فیصلہ

حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے اس کے عہدیداروں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سما ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حکومت نے تحریک انصاف کے رہنمائوں ، ٹکٹ ہولڈرز اورسرگرم کارکنوں کی گرفتاری کا فیصلہ کر لیا ہےاوراس کیلئے آج آپریشن متوقع ہے۔
اس حوالے سے پولیس اور انتظامیہ کو 350 افراد کی فہرستیں فراہم کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کرلیا، وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے لئے 22 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے، اسلام آباد انتظامیہ نے پولیس حکام کی مشاورت کے بعد تجاویز وزارت داخلہ کو بھجوا دیں.
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پنجاب کانسٹیبلری کے 8 ہزار اور اینٹی رائٹس فورس اور سندھ پولیس کے 2، 2 ہزار اہلکارطلب کیے گئے ہیں جبکہ 500 خواتین اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے.
اس کے علاوہ رینجرز کے 4 ہزار اہلکار بھی وفاقی دارالحکومت میں تعینات کیے جائیں گے، صوبوں سے قیدیوں کی 100 گاڑیاں اور آنسو گیس کے 15 ہزار شیل بھی مانگ لیے گئے ہیں.
واضح رہےکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر رکھاہے.
