میری گرفتاری کیلئے پولیس کی گاڑیاں گھر کے باہر کھڑی ہے

سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہےکہچارگاڑیوں میں سادہ لباس پولیس اہلکار میری گرفتاری کیلیے گھرکے باہرموجود ہیں۔
شیخ رشید نے بتایا کہ چار سرکاری گاڑیاں میرے گھر کے باہر کھڑی ہیں اور ان سرکاری گاڑیوں میں سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکار موجود ہیں، اگر میں گرفتار بھی ہوگیا تو اپنے دیے گئے وقت پر لال حویلی پہنچوں گا۔
شیخ رشید نے امید ظاہر کی کہ میں گرفتار نہیں ہوں گا، اللہ بہتر کرے گا، میں 25 مئی دن دو بجے لال حویلی سے نکلوں گا، میں ڈرنے والا نہیں ہوں، اللہ کی مدد پر یقین رکھتا ہوں۔
خیال رہے کہ شیخ رشید کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پشاورمیں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا جس کے بعد فواد چوہدری نے انکشاف کیا کہ حکومت مارچ روکنے کے لیے 700 سے زائد پی ٹی آئی کے قائدین اور ورکرز کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے فوری مگر شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا ہے اور اس مقصد کی تکمیل کے لیے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی۔ مارچ کے پیش نظر حکومت نے بھی کمر کس لی اور ڈی چوک کے اطراف کے مقامات کو سیل کردیا۔
