مجھے فوج مخالف قرار دینے والے پاکستان کے دشمن ہیں

مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ میری فوج سے نہیں بنتی، میرا سوال یہ ہے کہ لیاقت علی خان سے لے کر ظفراللہ جمالی تک جن وزرائے اعظم کی فوج سے نہیں بنی کیا وہ سب غدار تھے؟ لندن سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ فوج سے نہ تو ذوالفقار علی بھٹو کی بنی اور نہ ہی بے نظیر بھٹو کی۔ میری جنگ بھی فوج سے نہیں بلکہ ان چند کرداروں سے ہے جو اپنے ادارے کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ میرا اختلاف اصولی بنیاد پر ہے اور اسکا مقصد آئین پاکستان کی بالادستی قائم کرنا ہے۔ نواز شریف نے واضح کیا کہ وہ اپنی عزت نفس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ جب ہم نے سامراجی طاقتوں کی غلامی قبول نہیں کی تو اپنوں کی غلامی کیسے قبول کر سکتے ہیں؟
انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستانی عوام کی پسندیدہ ترین پارٹی مسلم لیگ ن ہے، آپ بتائیں اور کون سی پارٹی ہے جس نے موٹر ویز بنائی ہو، بجلی کے منصوبے لگائے ہوں، لوڈشیڈنگ کو ختم کیا ہو، دہشتگردی کو ختم کیا ہو، معیشت کو بلندی پر پہنچایا ہو، اورنج لائن، میٹروبس جیسے منصوبے پراجیکٹس کھڑے کیے ہوں، سڑکیں بے حساب بنائی ہوں، بتائیے کون سی ایسی جماعت ہے جس نے یہ سب کیا ہو؟ اللہ کے کرم سے یہ صرف مسلم لیگ ہے جس کے دور میں ترقی ہوئی اور اس ترقی پر ہم فخر کرتے ہیں۔
نوازشریف نے کہا کہ عمران خان نے اس ملک کا بھٹا بٹھا دیا ہے، ہمارا کلچر تباہ کردیا ہے، تحریک انصاف نے ملک میں گالی کی زبان کو فروغ دیا ہے اور سیاسی کلچر کو برباد کردیا ہے، سوائے گالی کے عمران اور انکے ساتھیوں کو کوئی بات نہیں کرنی آتی، ٹی وی پر بیٹھ کر کی جانے والی غیراخلاقی گفتگو بھی میری سمجھ میں نہیں آتی، لہذا میں آپ سب کو کہوں گا کہ آپ ان جیسی گندی زبان استعمال نہ کریں بلکہ حقائق پر مبنی جواب دیا کریں۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم اپنی عزت نفس پر سمجھوتا نہیں کریں گے، آئین کے غداروں کی غلامی ہمیں قبول نہیں، ہم نے سامراجی طاقتوں کی غلامی قبول نہیں کی تو اپنی کی غلامی کیسے قبول کریں گے؟ انکاکہنا تھا کہ میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ میری فوج سے نہیں بنتی، میں سوال کرتا ہوں کہ مجھ سے پہلے لیاقت علی خان کی کیوں نہیں بنی؟ ا ن کے بعد جو وزیراعظم آئے ان میں ذوالفقارعلی بھٹو بھی شامل ہیں، محترمہ بے نظیر بھٹو بھی شامل ہیں، مشرف کے زمانے میں بلوچستان سے میر ظفراللہ جمالی وزیراعظم بنے لیکن ان سب کی فوج سے کیوں نہیں بنی؟ جونیجو صاحب کی کیوں نہیں بنی؟ کیا یہ سب لڑنے والے لوگ تھے؟ ایسا پروپیگنڈا صرف پاکستان دشمن عناصر کررہے ہیں، کیا یہ سب وزرائے اعظم غدار تھے؟ ایسا تب بھی نہیں تھا اور ایسا آج بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری جنگ جنگ صرف ان چند کرداروں سے ہے جو اپنے ادارے کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔

Back to top button