مریم نواز کے برانڈڈ جوتوں سے کس کو پریشانی ہے اور کیوں؟


مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو جہاں اکثر مختلف سیاسی بنیادوں پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں ان کے قیمتی ہینڈ بیگز اور جوتوں کی پسند بھی زیر بحث رہتی ہے۔ حال ہی میں مریم نواز نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے مشہور انٹرنیشنل برانڈ ’ڈیور‘ کے جوتے پہن رکھے ہیں۔ یہ تصویر ٹرول ہوتے ہوتے ٹوئٹر تک جا پہنچی جہاں اتنے مہنگے جوتے پہننے پر مریم نواز کو یوتھیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاہم کئی دیگر صارفین مریم کی ڈریسنگ کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف راحیل نامہ نے مریم نواز کی ڈیزائنر جوتے پہنے ہوئے تصویر ٹویٹ کی اور ساتھ ہی جوتے کی اصل قیمت بھی بتا دی، جس کے بعد صارفین کو بحث کا ایک نیا موضوع مل گیا۔ تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’یہ ہماری ایلیٹ کلاس کی کہانی ہے جو بھوک اور پیاس سے مارے پاکستانیوں کے حق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔‘ انٹرنیشنل برانڈ ’ڈیور‘ کی ویب سائٹ پر جوتے کی قیمت 621 ڈالر بتائی گئی ہے جو پاکستانی کرنسی میں ایک لاکھ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔ 
جہاں صارفین جوتوں کی قیمت کے حوالے سے تنقید کرتے نظر آئے وہیں اکثر صارفین نے سوال اٹھایا کہ پاکستانی اداکارائیں اور دیگر مشہور شخصیات بھی برانڈڈ چیزوں کا استعمال کرتے ہیں لیکن تنقید صرف مریم نواز پر کیوں کی جاتی ہے۔ اس حوالے سے ہونے والی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے ٹوئٹر صارف ثمینہ قاسم نے لکھا کہ ’آپ مریم کے برانڈڈ جوتوں کے بارے میں کیوں اتنا پریشان ہو رہے ہیں؟ آپ نے جان بوجھ کر صرف مریم کا ہی انتخاب کیوں کیا، وہ اکلوتی تو نہیں ہیں جو برانڈز کی چیزیں پہنتی ہیں۔ کیا ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھنے والی بیٹی قیمتی جوتے بھی نہیں پہن سکتی؟ پھر ثمینہ نے یہ سوال بھی پوچھا کہ شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
ایک اور صارف عدیل راجہ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’مریم نواز نے یہ جوتے سیل میں نہیں خریدے، ان جوتوں کی اصل قیمت 1100 امریکی ڈالر یعنی 2 لاکھ پاکستانی روپے ہے۔ تاہم اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے امبر نامی ایک لڑکی نے لکھا کے مریم کے جوتے ایک لاکھ کے ہوں یا دو لاکھ کے، آپ کو ان سے کیا تکلیف ہے؟ امبر نے لکھا: لگتا ہے یوتھیوں کو زندگی میں اور کوئی کام نہیں جو وہ مریم کے جوتوں پر بحث کرنے میں مصروف ہیں۔ افسوس کہ ایک چھوٹے لیڈر کے چھوٹے ورکرز کی سوچ بھی اتنی ہی چھوٹی ہے۔
یاد رہے کہ مریم نواز کے جوتے پہلی دفعہ زیر بحث نہیں آئے بلکہ ماضی میں بھی ایسا ہو چکا ہے۔ ماضی میں لندن روانگی سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کی ابو ظہبی ائیرپورٹ پر لی گئی کچھ تصاویر سامنے آئی تھیں جن میں انہوں نے ’گوچی‘ برانڈ کا جوتا پہن رکھا تھا جس کے بعد مریم نواز کو جوتے کی قیمت کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ یہ جوتے 400 سے 500 پاؤنڈ مالیت کے ہیں۔ تاہم تب بھی جوابی طور پر سوشل میڈیا پر موجود مریم کے سپورٹرز نے یوتھیوں کو یہی جواب دیا تھا کہ مریم کے جوتے پانچ سو پاؤنڈ کے ہوں یا ہزار پاؤنڈ کے آپ کو ان سے کیا مسئلہ ہے؟ مریم کے جوتے اور ان کی قیمت آپ کا مسئلہ نہیں ہے۔ آپ اپنے مسائل کے حل پر توجہ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button