جنرل باجوہ کی سعودی چیف آف سٹاف سے ملاقات

سعودی افواج کے چیفس آف سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے 17 اگست کےروز ریاض میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد نےملاقات کی ہے۔
سعودی وزارت دفاع نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پرجاری بیان میں کہا کہ ‘جنرل الرویلی نے پاکستان کے آرمی چیف کا ان کے دوسرے گھر سعودی عرب میں خیر مقدم کیا ہے۔’بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل الرویلی اور جنرل باجوہ نے اس موقع پر سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان عسکری تعاون کی نئی جہتوں اور انہیں مضبوط اور مستحکم بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا ہے۔ علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر باجوہ نے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف فیاض بن حامد الرویلی سے ملاقات کی جس میں کمانڈر جوائنٹ فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی السعود بھی موجود تھے۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا ہے کہ سربراہ پاک فوج اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف فیاض بن حمدالرویلی کی ملاقات میں دوطرفہ پاک سعودی عرب دفاعی تعلقات، علاقائی صورت حال، دفاعی امور پر بات چیت ہوئی اور سعودی افواج کےساتھ مشترکہ مشقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف کی سعودی وزارت دفاع آمد پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اہم دورے پر پیر کی صبح سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے تھے۔ان کے ساتھ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ایئرپورٹ پر ان کا استقبال سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز اور دیگر اعلٰی حکام نے کیا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ ابھی تک آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کا کوئی شیڈول طے نہیں ہو سکا.
