اسلام آباد مفاہمتی یادداشت:امریکا-ایران مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پرعمل درآمد کے سلسلے میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات پاکستان کی ثالثی میں کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سےجاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پردستخطوں کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات 21 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن سٹاک میں منعقد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں امریکا اور ایران کے نمائندے شریک ہوں گے، پاکستان اور قطر کے ثالثی کردار ادا کرنے والے نمائندے بھی بات چیت میں حصہ لیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان ثالث کی حیثیت سے اس عمل میں سہولت کاری جاری رکھے گا تاکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں کو آگے بڑھایا جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پیش رفت کو عملی شکل دی جا سکے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی تعمیری سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد کل سوئٹزرلینڈ جائے گا،پاکستانی وفد برگن سٹاک میں ٹیکنیکل مذاکرات میں شریک ہوگا۔

Back to top button