ملک میں پٹرول کی کھپت 83 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی

رواں سال پٹرول کی قیمت میں اضافے کے باوجود ملک میں اس کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، مالی سال 2021 میں دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے برعکس پیٹرول کی کھپت 83 لاکھ 50 ہزار ٹن تک بڑھ گئی۔
2017 میں پیٹرول کی کھپت 6.6 ملین تھی جو 2018 میں بڑھ کر 7.4 ملین تک پہنچی، اسی طرح سال 2019 میں 7.6 ملین، 2020 میں 7.45 ملین اور 2021 میں یہ کھپت بلند ترین سطح 8.35 ملین تک پہنچ گئی۔
تاہم اپریل 2020 میں کرونا وبا کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے سبب اس کے استعمال میں کمی ریکارڈ کی گئی، سردیوں میں پیٹرول کی کھپت میں سی این جی سٹیشنز کی بندش اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث اضافہ ہوا۔
پنجاب میں پیٹرول کی مانگ 5.3 ملین بڑھی جو 2017 میں 4.4 ملین ٹن تھی، صوبہ سندھ 1.8 ملین ٹن استعمال کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جس کی مانگ سال 2017 میں 1.4 ملین ٹن تھی،
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پیٹرول کے استعمال میں بالترتیب 8 لاکھ 27 ہزار 894 اور 2 لاکھ 21 ہزار 54 ٹن اضافہ ہوا۔ 2017 میں دونوں صوبوں میں پیٹرول کی مانگ بالترتیب 5 لاکھ 11 ہزار 833 اور 1 لاکھ 93 ہزار 825 ٹن تھی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی مانگ 2017 میں 8.5 ملین ٹن سے بڑھ کر 9 ملین ریکارڈ کی گئی جبکہ 2019 اور 2020 کے دوران اس میں اتار چڑھاؤ رہا۔

Back to top button