میرا ولیمہ نواز شریف کی شمولیت کے بغیر ادھورا رہے گا


مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر نے کہا ہے کہ ان کی دعوت ولیمہ ابو جان نواز شریف کی شمولیت کے بغیر ادھوری رہے گی۔ جنید صفدر نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بیرون ملک ہنی مون منانے کے لیے کچھ منصوبے ترتیب دیے تھے لیکن اب کرونا کے نئے ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے بعد انہوں نے اپنا ذہن بدل دیا ہے اور ہنی مون کے لیے نئے مقام کا انتخاب تاخیر کا شکار ہے۔ یاد رہے کہ جنید صفدر کی دعوت ولیمہ 17دسمبرکو ہونا ہے جس کے بعد انہوں نے ہنی مون کے لیے بیرون ملک جانے کا پروگرام بنایا تھا۔
جنید صفدر نے شادی میں اپنے نانا نوازشریف کی شرکت نہ کر سکنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ولیمہ ابو جان نوازشریف، ماموں حسن، حسین، خالہ اسماء اور علی ڈار کی شمولیت کے بغیر ادھورا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نکاح کی طرح ولیمے کے لیے بھی انہوں نے کوئی گانا گانے کے حوالے سے پیشگی منصوبہ بندی نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ چونکہ انکا نکاح ایک خاندانی تقریب تھی اس لیے اس دن اپنے پسندیدہ گانے سے کچھ فقرے گنگنا دیے۔ انہوں نے حمزہ شہباز کی گلوکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انکل حمزہ ان سے کہیں زیادہ بہتر گاتے ہیں۔ واضح رہے کہ جنید کے نکاح پر حمزہ شہباز نے ’ہمیں تم سے پیار ہے کتنا یہ ہم نہیں جانتے‘ سنا کر لوگوں کو حیران کر دیا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نائب صدر ن لیگ مریم نواز بھی حمزہ شہباز کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھیں اور انہوں نے بھی ایک گانا گنگنایا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا صارفین ان گانوں کی ویڈیوز شئیر کرتے ہوئے حمزہ اور مریم کی آوازوں اور سروں کی تعریف کرتے رہے۔ مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر نے بعد ازاں مریم کے اچھا گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گانے کے علاوہ اپنے سیاسی مخالفین کو تگنی کا ناچ بھی بہت اچھا نثار لیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے پسماندہ علاقوں کو ترقی دیں گے
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے نواسے جنید صفدر اور عائشہ سیف کے ولیمہ کی تقریب جاتی امرا لاہور میں 17 دسمبر کو ہو گی، ولیمے کی تقریب میں صرف خاندان کے افراد شریک ہوں گے جبکہ نواز شریف وڈیو لنک کے ذریعے ولیمہ کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر اور سابق چیئرمین نیب سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سیف کی نکاح کی تقریب رواں برس 22 اگست کو لندن میں منعقد ہوئی تھی۔ اس تقریب میں نواز شریف نے بھی شرکت کی تاہم جنید کی والدہ مریم نواز اور والد کیپٹن صفدر اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اس میں شرکت کی تھی، لندن۔میں مقیم نواز شریف اور اسحاق ڈار سمیت کئی قریبی رشتہ داروں نے بھی تقریب میں شرکت کی تھی۔

Back to top button