میر شکیل، انصار عباسی ، رانا شمیم سے 7 روز میں جواب طلب

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے متعلق الزامات پر جنگ اور جیو گروپ کے سربراہ میر شکیل الرحمٰن، صحافی انصار عباسی اور گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شوکاز نوٹس جاری کر دیئے جبکہ 7 روز میں جواب جمع کروانے کی ہدایت بھی کر دی۔

ایک نوٹرائزڈ حلف نامے میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا محمد شمیم نے کہا تھا کہ وہ اس بات کے گواہ ہیں کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو ہدایت دی تھی کہ سال 2018 کے انتخابات سے قبل کسی قیمت پر نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت نہیں ملنی چاہئے ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم، صحافی انصار عباسی کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔عدالت طلبی پر اخبار کے چیف ایڈیٹر میر شکیل الرحمٰن، ریزیڈنٹ ایڈیٹر عامر غوری اور رپورٹر انصار عباسی پیش ہوئے۔

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیٹے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ والد صاحب رات کو ہی اسلام آباد پہنچے ہیں طبعیت ٹھیک نہیں اس لیے عدالت میں حاضر نہ ہوسکے۔علاوہ ازیں اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی عدالت بھی پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کوشش ہے کہ لوگوں کا اعتماد بحال ہو۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سوشل میڈیا اور روایتی میڈیا میں فرق ہے، ایک اخبار کی ایڈیٹوریل پالیسی ہوتی ہے۔میر شکیل الرحمٰن کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس عدالت نے آپ کو نہ چاہتے ہوئے بلایا، یہ آئینی عدالت ہے، کیا لوگوں کا عدالتوں سے اعتماد اٹھایا جارہا ہے؟ مجھے میرے ججز پر اعتماد ہے اگر اعتماد نہ ہوتا تو یہ کیس نہیں ہوتا، ہائی کورٹ کے ججز پر تنقید ضرور کریں مگر لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں‌ پہنچنی چاہئے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ کیا اخبار کی پالیسی یہ اجازت دیتی ہے کہ لندن میں فائل ہونا والا ایفیڈیوٹ(بیان حلفی) آپ اخبار کے پہلے صفحے پر چھاپ دیں؟چیف جسٹس نے کہا کہ ججز بھی قابل احتساب ہیں، ججز پر تنقید شہریوں کا حق ہے، ہم اپنا دفاع نہیں کر رہے لیکن میرے خلاف سوشل میڈیا پر سنگین نوعیت کی مہم چلائی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ’دی نیوز‘ میں شائع ہونے والی تہلکہ خیز رپورٹ میں عدلیہ کے حوالے سے الزامات پراسلام آباد ہائی کورٹ نے رپورٹ لکھنے والے صحافی انصار عباسی، ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن، دی نیوز کے ایڈیٹر عامر غور اور رانا شمیم کو توہینِ عدالت آرڈیننس کے تحت آج عدالت پیش ہونے کا حکم دیا۔

Back to top button