نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاری شروع کردی

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی بریت کے بعد اب نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاری شروع کردی، انہوں نے وکلا کو جلد عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ پر ایک دن بھی باہر رہنا بھاری ہے۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ آج عدالت سے آنے والے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف نے واپسی کے لیے وکلا کو جلد عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی، قانونی ٹیم جلد عدالت سے رجوع کرے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا جو کیس مریم نواز کے اوپر تھا وہی ایون فیلڈ ریفرنس نواز شریف پر موجود ہے جس میں نواز شریف کو کہا گیا تھا کہ وہ پہلے عدالت کے سامنے پیش ہوں پھر اس کیس کا فیصلہ کیا جائے گا،کیس میں نامزد مریم نواز مسلسل عدالت میں پیش ہوتی رہیں اور ان کی اپیل پر آج انہیں بری کردیا گیا۔ اسی طرح اب یہی کیس نواز شریف پر موجود ہے اور وہ پیش ہوکر بری ہوجائیں گے۔

باخبر ذرائع نے بتایا ان کی واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور وہ جلد ہی راہداری ضمانت کے لیے درخواست دائر کریں گے بعد ازاں وہ وطن واپس آکر عدالت کا سامنا کریں گے اور اسی طرح اپیل دائر کریں گے جس طرح مریم نواز نے دائر کی۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی اب تک ضمانت طبی بنیادوں پر ہے اور وہ اسی بنیاد پر بیرون ملک موجود ہیں، مریم نواز کی اپیل میں سماعتوں کے دوران ججز نے جس طرح رائے دی ہیں اس سے ظاہر ہوا ہے کہ کیس میں جان نہیں ہے، ججز نے متعدد بار کہا کہ مریم نواز اگر بینیفشری ہے ہیں تو یہ کہیں بھی ثابت نہیں ہورہا اسی طرح آج ججز نے یہ بھی کہا کہ کیس میں کہیں سے بھی ثابت نہیں ہورہا ہےکہ ایون فیلڈ کے اپارٹمنٹس نواز شریف کی ملکیت ہیں۔

Back to top button