نیب لاہور نے تین سال میں کتنی ریکوری کی؟ کارکردگی رپورٹ جاری

نیب لاہور نے اپنی تین سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی جس کےمطابق نیب نے پلی بارگین کے تحت 15 ارب 81کروڑ 70 لاکھ روپے ریکور کیے۔
ترجمان نیب کے مطابق نیب لاہور کی یکم اکتوبر 2017 سے لے کر اکتوبر 2020کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق تین سال کے دوران نیب لاہور کو 33 ہزار 911 شکایا ت موصول ہوئیں جن میں سے 58 ہزار 790 افراد کو ریلیف فراہم کیا گیا جب کہ 73 ارب 23کروڑ 70 لاکھ روپے کے ریفرنسز فائل کیے۔
رپورٹ کے مطابق نیب لاہور کے کیسز میں 78 فیصد ملزمان کو سزائیں ہوئیں اور 3سال میں 655 افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ نیب لاہور نے پلی بارگین کے تحت 15 ارب 81کروڑ 70 لاکھ روپے ریکور کیے، اس کے علاوہ 53 ارب 52کروڑ 20 لاکھ روپے بھی ریکور کیے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2017 سے قبل اور موجودہ سالوں کی نسبت شہریوں نے ان تین سال میں نیب میں دوگنا شکایات جمع کرائیں، گزشتہ برسوں کی نسبت نیب لاہور نے سالانہ 280 فیصد پلی بار گین کے تحت ریکوری کی، فراڈ اورخزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گزشتہ برسوں کی نسبت نیب لاہور نے سالانہ 160 فیصد افراد گرفتار کیے۔
