وزیراعظم کی سیلاب زدہ علاقوں میں فوری بحالی کے کاموں کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طورپرمتعلقہ حکام کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں راشن اوراشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جہاں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال اور سیلاب زدگان کیلئے دی جانے والی امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلق حکام کی جانب سے وزیراعظم اور شرکا کو ریلیف اینڈ ریسکیو سرگرمیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے سڑکوں کی بحالی کے لیے جلد از جلد خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے صوبوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لئےجامع حکمت عملی وضع کرنے کا بھی کہا، اجلاس میں وفاقی وزراء، چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیئرمین این ایف آر سی سی نے شرکت کی۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دادو میں گرڈ اسٹیشن کو سیلابی ریلے سے بچانے کی فوری ہدایات جاری کر دی، انہوں نے دادو و گردو نواح کے علاقوں میں سیلابی صورتحال، 500KV گرڈ اسٹیشن کو خطرے کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سول و فوجی قیادت کو تمام تر وسائل بروئے کار لا کر گرڈ اسٹیشن کو سیلاب سے بچانے کی ہدایت جاری کی۔

وزیرِ اعظم کی ہدایات پرعملدرآمد کرتے ہوئے مورو شہر سے تین ایکسکویٹر روانہ کردیئے گئے، شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کے بچاؤ و بحالی کے کام کی 24 گھنٹے خود نگرانی کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گرڈ اسٹیشن کو فوری طور پر سیلاب سے متاثر ہونے سے بچایا جائے، گرڈ اسٹیشن کا بچاؤ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے نہایت ضروری ہے۔

Back to top button