وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ترین گروپ کے وفد کی ملاقات

ترین گروپ کے رہنماؤں نے ایوان وزیراعلی میں عثمان بزدار سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے جہانگیرترین گروپ کے وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی، وفد میں پارلیمانی لیڈر سعید اکبر نوانی، صوبائی وزرا نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، عون چوہدری نذیر چوہان، زوار وڑائچ بھی شامل تھے۔
ملاقات کرنے والوں میں شامل وفد کے ارکان نے وزیراعلی پنجاب کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ جب کہ عثمان بزدار کی جانب سے ترین گروپ کے رہنماؤں کو مثبت تعاون کی یقینی دہانی کرائی گئی۔ وزیراعلی ملاقات کے بعد ترین گروپ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
عثمان بزدار سے ملاقات کے موقع پر سعید اکبر نوانی نے کہا کہ آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے، آپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، اپنے ایشوز کے حل کے لیے آئے ہیں، تحریک انصاف سے غیر مشروط وابستگی برقرار رہے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کے لیے کھلے ہیں، کبھی کسی سے ناانصافی کی، نہ کریں گے، انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔
جہانگیر ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں تھے اور پی ٹی آئی میں ہی رہیں گے، ہمیں امید ہے تمام مسائل حل ہوں گے، وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے جہانگیر ترین سے نا انصافی نہیں ہوگی، علی ظفر پر بھی اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
سعید اکبر نوانی کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا ہے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں، اپنے حلقے کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے نا انصافی نہیں ہوگی، انکوائری رپورٹ ہمارے خلاف بھی آئی تو قبول کریں گے، ہم چاہتے ہیں رپورٹ میں ناانصافی نہیں ہونی چاہیئے۔
ترین گروپ کی وزیر اعلی سے ملاقات کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی۔ وزیر اعلی نے سیاسی ٹیم کے 8 وزرا کو ترین گروپ کے ارکان سے رابطوں کا ٹاسک دیا۔ ہر وزیر کو چار چار ارکان سے رابطوں اور معاملات درست کرنے کا کہا گیا۔وزیر اعلی پنجاب کی سیاسی ٹیم کا پہلا مشن کامیاب ہوگیا اور ترین گروپ کو ہینڈل کرنے کے لئے سیاسی ٹیم کو ٹاسک دینے کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔
سبطین خان، راجہ یاسر ہمایوں، ڈاکٹر اختر ملک راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال ، میاں محمود الرشید کو مشن سونپا گیا۔ تمام وزرا نے ترین گروپ کے ارکان سے ملاقاتیں کیں اور وزیر اعلی کی جانب سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ترین گروپ کے پوسٹنگ ٹرانسفر سمیت بیورو کریسی کے حوالے سے تحفظات دور کئے جائیں گے، گُروپ کے ارکان کو مساوی ترقیاتی فنڈز ملیں گے۔ بیورو کریسی ترین گروپ کے تمام جائز مسائل حل کرے گی۔ترین گروپ ٹاک شوز میں کوئی متنازعہ گفتگو نہیں کرے گا، پارٹی ڈسپلن کو فالو کرے گا اور بجٹ منظور کروانے سمیت تمام حکومتی اقدامات کو سپورٹ کرے گا۔

Back to top button