آئینی تقرریوں میں اپوزیشن لیڈر رکاوٹ ہیں،طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت آئینی تقرریوں میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی رکاوٹ ہیں جبکہ وزیراعظم نے دو مرتبہ رابطہ کیا مگر ملاقات سے انکار کر دیا گیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرریاں آئینی معاملہ ہیں، تاہم اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اس عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دو مرتبہ ان سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے ملاقات سے انکار کر دیا، اپوزیشن لیڈر اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے اور اس معاملے پر بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے پر بضد ہیں، پاکستان میں آئینی عہدوں پر تقرریوں کا اختیار کسی سزا یافتہ شخص کے پاس نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیرپارلیمانی امور نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی وفاق کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا برملا اعلان کر رہے ہیں، ان کا طرز عمل صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کی راہ ہموار کر رہا ہے۔
