وزیر جنگلی حیات پنجاب اسد کھوکھر صوبائی کابینہ سے فارغ

وزیر جنگلی حیات اسد کھوکھر کو پنجاب کابینہ سے فارغ کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد کھوکھر سے وزارت جنگلی حیات کا قلمدان واپس لے کر انہیں پنجاب کابینہ سے فارغ کردیا گیا ہے تاہم اس کی وجوہات اب تک منظر عام پر نہیں آئی۔دوسری جانب اسد کھوکھر نے کہا ہے کہ انہیں وزارت سے ہٹایا نہیں گیا بلکہ خود استعفیٰ دیا ہے۔ وزارت کی مصروفیات میں حلقےکووقت نہیں دےپارہاتھا.
حکومت پنجاب کے کابینہ ونگ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق گورنر آف پنجاب نے آرٹیکل 132(3) اور آرٹیکل 105 کے تحت ملک اسد علی کھوکھر کا صوبائی وزیر جنگلی حیات کے عہدے سے استعفیٰ قبول کرلیا۔واضح رہے کہ ملک اسد کھوکھر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آئی ہیں۔تاہم ان کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا جب وزیر اعظم نے گزشتہ روز پنجاب کا دورہ کیا تھا۔وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران رکن قومی و صوبائی اسمبلی سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں۔ان ملاقاتوں کے بعد ہی ملک اسد کھوکھر کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو استعفیٰ جمع کرایا گیا تھا جسے وزیر اعلیٰ نے گورنر پنجاب کو ارسال کردیا تھا جنہوں نے اسے قبول کیا اور آج اس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
واضح رہے کہ اسد کھوکھر 2018 میں لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی چھوڑی گئی صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 168 سے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے۔ اسد کھوکھر کو وزیر بنانے پر شدید مخالفت سامنے آئی تھی ، جس کی وجہ سے کئی ماہ تک اسد کھوکھر کو وزیر بننے کے باوجود محکمہ نہیں ملا تھا، چند ماہ پہلے ہی انہیں جنگلی حیات کا محکمہ ملا تھا،اب اسد کھوکھر کو وزارت کے منصب سے ہٹادیا گیا ہے۔
