پاکستان میں بین الاقوامی فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال

سول ایوی ایشن اتھارٹی سی اے اے کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن 29 مئی کی رات 12 بجے سے بحال کردیا ہے۔سی اے اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گوادر اور تربت کے سوا ملک بھر کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے آؤٹ باؤنڈ فلائٹ آپریشن کی اجازت ہوگی۔
حکومت پاکستان کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی پروازوں کو پاکستانی ہوائی اڈوں پر لینڈنگ کی اجازت دے دی تاہم غیر ملکی طیاروں کےعملے کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے باقاعدہ اجازت نامہ بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اجازت 29 مئی رات 12 بجے کے بعد نافذالعمل ہو گی اور غیر ملکی پروازیں رات 12 بجے سے لینڈ کر سکیں گی جبکہ غیر ملکی پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت 30 جون تک ہو گی۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی پروازیں بغیر مسافروں کے پاکستان ایئر پورٹ پر لینڈ کر سکے گی اور اجازت کے مطابق غیر ملکی پروازیں پاکستان سے مسافروں کو لے کر روانہ ہو سکے گی اور پروازوں کے دوران مسافروں کے درمیان سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے سختی سے عمل کیا جائے گا اور غیر ملکی ایئرلائنز سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قواعد وضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی پابند ہو گیں اور غیر ملکی طیاروں کےعملے کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ آؤٹ باؤنڈ فلائٹس آپریشن سے مراد یہ ہے کہ پاکستان سے دیگر ممالک پرواز کرنے والی تمام ایئر لائنز واپسی پر مسافروں کو ساتھ نہیں لا سکیں گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان عبد الستار کھوکھر نے بتایا کہ آؤٹ باؤنڈ فلائٹ آپریشن آج رات 12 بجے سے دوبارہ شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ساتھ دیگر غیر ملکی ایئر لائنز کو بھی دوبارہ کام شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔عبدالستار کھوکھر نے مزید کہا کہ ایئر لائنز کو تمام معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ سول ایوی ایشن نے 25 مارچ کو کورونا وائرس کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ تمام ایئرلائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔بعد ازاں مختلف مراحل میں حکومت نے ملکی و غیر ملکی پروازوں کی بندش میں توسیع کے اعلانات کیے۔وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی میں 15 مئی تک توسیع کی تھی۔اس سے قبل وفاقی حکومت نے 18 اپریل کو ملکی و غیر ملکی پروازوں کی بندش میں 30 اپریل تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔علاوہ ازیں سی اے اے نے اندرون ملک پروازوں پر پابندی کے فیصلے میں 29 مئی تک توسیع کی تھی۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر اور ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے کیسز پاکستان میں دن بدن بڑھتے جارہے ہیںملک میں اس مہلک وبا کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیے گئے تاہم اس کے باوجود اس وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس سے جہاں لاکھوں لوگ متاثر و ہلاک ہوئے ہیں وہی اب یہ وبا پاکستان میں اپنے پنجے گاڑ رہی ہے اور اب تک یہاں 64 ہزار 520 متاثر جبکہ 1346 لوگ موت کا شکار ہوچکے ہیں۔26 فروری کو ملک میں کورونا وبا کے پہلے کیس کے سامنے آتے ہیں مختلف طرح کی پابندیاں اور لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جو بعد ازاں نرم کردیا گیا۔