وینا ملک کی اسٹیبلشمنٹ کی زبان میں مریم نواز پر تنقید


اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھائی لوگوں سے ٹھیکے پر چلوانے والی اداکارہ وینا ملک نے اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرنے پر مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ الزام عائد کیا ہے کہ مریم نے اپنے مخالفین کی ٹرولنگ کے لیے ایک پوری سوشل میڈیا ٹیم بھرتی کر رکھی ہے جو ان کے خلاف بھی ٹرینڈز چلاتی رہتی ہے۔ یاد رہے کہ وینا ملک نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ کوئی اور چلاتا ہے اور انہیں ٹھیک طرح معلوم نہیں کہ ان کے اکاؤنٹ پر کیا کچھ پوسٹ ہو رہا ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ وینا ملک کا ٹوئیٹر اکاونٹ زیادہ تر نون لیگ مخالف ٹویٹس سے بھرا ہوتا ہے۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں وینا ملک نے یہ الزام بھی لگایا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نانی اماں کہے جانے پر بُرا منا جاتی ہیں۔ وینا ملک نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنے پروگرام میں مریم کو نانی اماں کہہ کر پکارا تو انہوں نے نہ صرف مجھے ایسا کہنے سے منع کیا بلکہ میری کردار کشی کے لیے سوشل میڈیا کی پوری ٹیم ہائر کر لی۔
وینا ملک نے بتایا کہ مجھے اس کی اُمید نہیں تھی لیکن جب سیاستدان پبلک آفس ہولڈ کرتے ہیں تو پھر ان کا دل اور جگر بھی برا ہونا چاہئے تا کہ وہ لوگوں کی تنقید کو برادشت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سیاستدان خود پر تنقید برداشت نہیں کر سکتا تو وہ ایسے کام بھی نہ کرے جو تنقید کا باعث بنیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ مریم نواز نے مجھے میرے ٹویٹس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بلاک کر دیا تھا، اور اب تک ٹویٹر پر میرے خلاف ٹرینڈز بنتے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ انہیں لوگوں کے ذریعے مریم نواز کے پیغام ملتے ہیں کہ میں اُنہیں نانی اماں نہ کہوں، لیکن اس کے علاوہ انکی کبھی آپس میں براہ راست بات نہیں ہوئی۔ وینا ملک نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انکی تقریر میں ایسا کچھ نہیں ہوتا جو ہمیں متاثر کرے۔ انکامکہنا تھا کہنمظلومیت کارڈ کھیلنے والا کبھی بھی ہیرو نہیں بن پاتا، انکا کہنا تھا کہ مریم نواز جب بھی تقریر کرتی ہیں تو فوج اور عدلیہ پر تنقید کرتی ہیں ، کیا ایسا شخص لیڈر ہو سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر مریم کو ہماری لیڈر بننا ہے تو وہ سب سے پہلے جھوٹ بولنا بند کریں۔ اداکارہ نے پیپلزپارٹی کی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول میں بینظیر کی نہیں صرف زرداری کی جھلک ہے جبکہ آصف زرداری کی فلم پٹ چکی ہے اور بلاول کے وزیراعظم بننے کا مستقبل قریب میں کوئی امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے وینا ملک کی جانب سے مریم نواز پر کی جانے والی تنقید کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حسب سابق اسٹیبلشمنٹ کی زبان استعمال کر رہی ہیں جو ان کا ٹویٹر اکاؤنٹ بھی چلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وینا ملک پہلے اپنے کردار پر غور کریں پھر دوسروں پر تنقید کرنے کا سوچیں۔

Back to top button