کترینہ کیف کی شادی میں شرکت کے لیے خفیہ کوڈ ورڈز


اداکارہ کترینہ کیف کی شادی میں شرکت کرنے والوں کو دعوت نامے کے ساتھ ایک خفیہ کوڈ ورڈ بھی دیا جائے گا تاکہ غیر متعلقہ افراد فنکشن میں شریک نہ ہو پائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کوڈ کے بغیر کوئی بھی مہمان شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کر پائے گا۔ اس کے علاوہ شادی کی تقریب میں موبائل فون لے جانے پر بھی پابندی ہوگی تاکہ کوئی فوٹیج یا تصویر باہر نہ نکل پائے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ باربی ڈول کترینہ کیف اور وکی کوشل دسمبر میں شادی کرنے والے ہیں۔ اب یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ کترینہ کیف کی شادی اس قدر خفیہ رکھی جائے گی کہ مہمانوں کو شرکت کے لیے خاص کوڈ ورڈز دیئے جائیں گے جن سے انہیں وینیو میں داخلے کی اجازت مل سکے گی۔ حتیٰ کہ ہوٹل کے کمروں تک رسائی بھی کوڈ کے ذریعے ہوگی اور شادی میں شرکت کے لیے "نو فون پالیسی” لاگو کی جائے گی جو اب سلیبرٹیز کی شادیوں میں ایک عام رجحان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریبات تین دن تک جاری رہیں گی۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ شادی میں صرف منتخب مہمانوں کو ہی مدعو کیا جائے گا۔ اب مہمانوں کی لسٹ اومی کرون وائرس کی آمد کی وجہ سے مزید محدود کر دی گئی ہے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وکی اور کترینہ رواں سال نومبر یا دسمبر میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور کترینہ کیف نے معروف ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کو اپنی شادی کا جوڑا ڈیزائن کرنے کا کہہ دیا ہے۔ناکتوبر کے آغاز میں وکی کوشل کی فلم سردار اودھم کی سکریننگ کے موقع پر کترینہ کیف بھی موجود تھیں، اس دوران انکی وکی کوشل سے گلے ملتے ہوئے ویڈیو کافی وائرل ہوئی تھی۔ کترینہ کیف نے اپنی انسٹا گرام سٹوریز میں بھی وکی کوشل کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ ایک خالص ٹیلنٹ کے حامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے یہ خیال کیا جاتا تھا کہ کترینہ کیف سلمان خان سے شادی کریں گی جو ان کی پندرہ برس پرانی دوست ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف نے اپنی شادی کا دعوت نامہ سلمان خان کو بھی بھجوا دیا ہے اور وہ بھی فنکشن میں شرکت کریں گے۔ تاہم عجیب بات یہ ہے کہ بھارتی میڈیا میں کترینہ کیف کی وکی کوشل سے شادی کے چرچے ہیں لیکن ابھی تک دونوں میں سے کسی نے بھی اپنی شادی کی خبروں کو کنفرم نہیں کیا۔

Back to top button