پاکستان میں میکڈونلڈ کی 80 فیصد فروخت کم کیوں ہوگئی؟

نہتے فلسطینیوں پر بم برسانے کے دوران اسرائیلی فورسز کو مفت کھانے دینے کے میکڈونلڈ کے اعلان نے پاکستانیوں کو آگ بگولا کر دیا جس پر میکڈونلڈ کے بائیکاٹ کی مہم شروع کی گئی جس سے اب معروف فوڈ چین کی مجموعی فروخت 80 فیصد تک گر گئی ہے۔سوشل میڈیا پر میکڈونلڈز اور دیگر فوڈ چینز کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جا رہی ہے، مسلم ممالک کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد پراڈکٹس کی فروخت میں مسلسل کمی کا رجحان ہے جس سے کمپنی کو لاکھوں ڈالرز کے نقصان کا سامنا ہے، سوشل میڈیا پر ایک صارف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان میں میکڈونلڈ بائیکاٹ کی مہم توقع سے زیادہ کامیاب رہی اور اندرونی ذرائع کے مطابق اس کی سیل میں 80 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔نجم علی لکھتے ہیں کہ میکڈونلڈ کے لیے یہ کوئی نقصان نہیں ہے یہ صرف اور صرف پاکستان کا نقصان ہے۔ اس سے حکومت اور غریب پاکستانیوں کی نوکری کو نقصان ہوگا، ایک صارف نے لکھا کہ صرف میکڈونلڈ ہی نہیں بلکہ باقی مغربی مصنوعات کا بھی بائیکاٹ کرنا چاہئے، ایک اور صارف نے کہا کہ ہم فلسطین تو نہیں جا سکتے لیکن ایسی پراڈکٹس کا بائیکاٹ ضرور کر سکتے ہیں۔اظہر محمود نے میکڈونلڈز کی سیل میں 80 فیصد کمی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے لکھا کہ اس بات میں صداقت نہیں کہ میکڈونلڈ کی سیل میں کمی ہوئی ہے اور دوسرا یہ کہ ان فوڈ چینز کے مالک پاکستانی ہی ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ میکڈونلڈز میں 10 ہزار سے زائد ملازمین ہیں اور اس کے ساتھ کئی لوکل انڈسٹریز بھی جڑی ہوئی ہیں اور ہزاروں لوگوں کا روزگار بھی اسی سے وابستہ ہے۔سعودی عرب، عمان، کویت، متحدہ عرب امارات، اردن، مصر، بحرین اور ترکی میں میکڈونلڈز کی فرنچائزز نے خود کو اسرائیلی فرنچائزز سے الگ ظاہر کیا ہے جبکہ غزہ کے شہریوں کی مدد کے لیے مجموعی طور پر 30 لاکھ ڈالر سے زیادہ کی امداد کا اعلان کیا ہے۔اسرائیلی فوج کی حمایت کا اعلان کرنے کے بعد سے میک ڈونلڈز اسرائیل نے عرب اور مسلم ممالک کے صارفین کی جانب سے شدید ردعمل کے بعد اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ‘نجی’ میں تبدیل کر دیا ہے۔یہ صرف میک ڈونلڈز ہی نہیں ہے جسے مسلم ممالک میں نقصان کا سامنا ہے، دیگر امریکی برانڈز بشمول سٹاربکس، برگر کنگ، ہارڈیز، کے ایف سی، پیزا ہٹ، پاپا جانز اور ڈومینوز کو بھی عرب دنیا میں بائیکاٹ کا سامنا ہے۔سعودی عرب کے 35 سالہ کارکن احسان امین کے مطابق ‘فلسطین اسرائیل تنازعہ کی وجہ سے امریکی فرنچائزز کا عرب بائیکاٹ ان کے فلسطینیوں کے ساتھ لگاؤ کو اجاگر کرتا ہے، عرب ممالک میں جاری بائیکاٹ کے بعد اسٹاربکس والٹ، ڈزنی کمپنی اور میکڈونلڈز کے شئیرز کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے جس سے کمپنی کو لاکھوں ڈالرز کے نقصان کا سامنا ہے۔

Back to top button