پاکستان میں کرونا کے وار تیز، مسافر باہر سے وائرس لا رہے ہیں

حکومتی دعوؤں کے بر عکس پاکستان میں کرونا وائرس اب بے قابو ہوتا نظر آ رہا ہے اور اس کے مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اب تک پاکستان میں کرونا کے جتنے بھی مریض زیر علاج ہیں وہ یہ موذی وائرس ایران، دبئی، شام اور چین جیسے ممالک سے ساتھ لیکر آئے ہیں۔
9 مارچ کے روز ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک ہی دن میں کرونا وائرس کے نو نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان میں اس موذی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے۔
3 مہینے قبل چین سے پھیلنے والا کرونا وائرس اب پاکستان کے تمام صوبوں میں پہنچ چکا ہے۔ اس وائرس کے سب سے زیادہ متاثرین اس وقت صوبہ سندھ میں موجود ہیں جہاں سب سے زیادہ کرونا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک روز میں ہی بڑھ کر 13 ہوگئی ہے جہاں سب سے زیادہ 9 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس سے پہلے کراچی کے ایک مریض کو مکمل صحت یابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔
محکمہ صحت سندھ سے جاری بیان کے مطابق 8 مزید کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 5 افراد شام سے براستہ دوحہ کراچی آئے اور 3 لندن سے براستہ دبئی گزشتہ ہفتے کراچی پہنچے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ افراد سے متعلق افراد تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ مزید ٹیسٹ کیے جاسکیں۔ قبل ازیں محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے کہا تھا کہ کراچی شرقی سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ شہری کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ شہری شام سے براستہ دوحہ کراچی آیا تھا جبکہ ان سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو قرنطینہ کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے فوری بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے دوسرے کیس کی بھی تصدیق کی تھی۔بعد ازاں 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے ہیں اور مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے 3 مارچ کو پانچویں کیس کی بھی تصدیق کی تھی جس کے بعد 6 مارچ کو کراچی میں 69 سالہ شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو سندھ میں تیسرا اور پورے پاکستان میں چھٹا کیس تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس 19 دسمبر کو چین میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا تھا اور یہ وائرس اب تک دنیا کے 108 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
کوروناوائرس سے دنیا بھر میں اب تک 3 ہزار 800 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 62 ہزار 53 افراد اس وائرس سےنجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور انہیں مکمل صحت یاب ہونے پر ہسپتالوں سے خارج کردیا گیا۔
چین میں سب سے زیادہ متاثرین ہیں اور ہلاکتیں بھی سب سے زیادہ ہوئیں جس کے بعد جنوبی کوریا دوسرا ملک جہاں سب سے زیادہ متاثرین رپورٹ ہوئے۔
پاکستان بالخصوص سندھ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کرونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ اگرچہ چین اور ایران سے آنے والے افراد کو سکریننگ کے بعد ہی ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے اب خدشہ ظاہرکیاجارہاہے کہ سندھ میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد ہوسکتا ہے کہ بین الصوبائی سرحدیں بھی بند کردی جائیں اور سندھ سے دوسرے صوبوں میں جانے والے افراد کو بھی سکریننگ کے بعد ہی وہاں داخلے کی اجازت ملے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button