پاکستان کرونا پر تحقیق کرنیوالے 52 ممالک میں شامل

پاکستان  کرونا وائرس پر تحقیق کرنے والے 52 ممالک میں شامل ہو گیا ہے ، یہ ٹرائل کووڈ 19 انفیکشن کے علاج کے لیے تین ممکنہ ادویات آرٹیسونیٹ، اماتینیب اور انفلیکسیماب کا لوگوں کو وبائی مرض کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونے اور مرنے سے بچانے کے لیے جائزہ لے گا۔

ڈبلیو ایچ او نے اعلان کیا ہے کہ مصر، ایران، کویت، لبنان، عُمان، پاکستان اور سعودی عرب کے محققین اور سائنسدان دنیا بھر کے 52 ممالک کے ہزاروں محققین کے ساتھ اس تحقیق میں شامل ہو رہے ہیں جو کہ کووڈ 19 تحقیق اور پیش رفت پر سب سے بڑا عالمی تعاون ہے۔

تین ممکنہ ادویات کا انتخاب ماہرین کے ایک پینل نے متعلقہ علاج کے تمام دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔ادویات دیگر جان لیوا بیماریوں کے علاج میں مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔آرٹیسونیٹ شدید ملیریا کے لیے استعمال کی جاتی ہے، اماتینیب مخصوص کینسر کے لیے اور انفلیکسیماب مدافعتی نظام کی بیماریوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جیسے کرون کی بیماری اور رمیٹوئڈ آرتھرائٹس۔کووڈ 19 گزشتہ صدی میں صحت عامہ کا سب سے زیادہ تباہ کن چیلنج رہا ہے۔

دو سال سے بھی کم عرصے میں وبائی مرض نے دنیا بھر میں 44 لاکھ سے زائد جانیں لے لی ہیں، صحت کے نظام کو مغلوب کردیا ہے اور معیشتوں اور معاشروں کو متاثر کیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مشرقی بحیرہ روم کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المندھاری نے کہا کہ ‘یہ ضروری ہے کہ ہم کووڈ 19 کی وجہ سے شدید متاثرہ افراد کو ہسپتال میں داخل ہونے اور اموات کو روکنے کے لیے مؤثر علاج تلاش کریں، ہم کووڈ 19 کے علاج کے لیے اہم عالمی مطالعات میں تعاون کے لیے خطے کے ممالک کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

Back to top button