پرویز الٰہی کی آصف زرداری سے اہم سیاسی ملاقات

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریننز کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے لئے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی بلاول ہاؤس میں اہم سیاسی ملاقات ہوئی، اس موقع پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہی کے درمیان سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی سیاسی صورت حال پر بھی خصوصی گفتگو کی۔
صدر آصف علی زرداری نے چوہدری پرویز الہی سے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی صحت سے متعلق خیریت بھی دریافت کی اور ان کے لئے ایک خصوصی پیغام بھی دیا، صدر آصف علی زرداری اور چوہدری پرویز الہی نے اس امر پر اتفاق کیا کہ وہ آزاد عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں، آزاد عدلیہ اور جمہوریت لازم و ملزوم ہیں جبکہ عدلیہ کا احترام جمہوریت کا ایک جزو ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ ملاقات بلاول ہاؤس لاہور میں ہوئی ہے۔ پرویزالہی کے بلاول ہاؤس پہنچنے پر آصف علی زرداری نے خود ان کا استقبال کیا۔ ون آن ون ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ پنجاب کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔ چودھری پرویزالہی نے آصف علی زرداری کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ آصف علی زرداری نے شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اورانکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سینٹ کے انتخاب کے موقع پر مسلم لیگ ق کی قیادت کے رابطے اورتجویز کی حمایت پر چودھری پرویز الہی نے شکریہ ادا کیا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ زرداری نے سینیٹ کے انتخابات میں میرے کہنے پر جو مدد کی تھی اس پر میں ان کا شکریہ ادا کرنے کے لئے ملاقات کی۔ میں تو زرداری صاحب سے ملنے کراچی جانا چاہتا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا تکلیف نہ کریں لاہور آؤں گا تو انشاء اللہ ملاقات ہو گی۔آصف علی زرداری نے ملاقات کے اختتام پر چودھری پرویز الہی کو گاڑی تک چھوڑنے خود آئے۔
چوہدری پرویز الٰہی اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے چوہدری پرویز الٰہی سے کہا کہ آپ ہمارےبھی اتحادی تھے اور اس حکومت کے بھی، فرق تو پتہ چل گیا ہوگا، اگلےعام انتخابات میں پیپلزپارٹی سب کو سرپرائز دے گی۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کبھی بھی سیاست دان نہیں تھے، عمران خان کو لانے والے اب پچھتا رہے ہیں، عمران خان اور وزراء سمجھتے ہیں دھمکیوں سے سندھ حکومت کو ڈرا دیں گے تویہ ان کی بھول ہے، ہم نے تو آمروں کا مقابلہ کیا، یہ کیا چیزہیں۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے مزید کہا کہ بلاول نے ثابت کیا ہے وہ بہترین اپوزیشن کرنا جانتا ہے۔
پرویز الٰہی سے ملاقات میں سابق صدر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے اتحادی ہونے کے باوجود متعدد مرتبہ حکومتی پالیسوں سے اختلاف کیا،تمام اسمبلیوں میں ہنگامہ آرائی ہوئی مگرپنجاب میں ایسا نہیں ہونے دیا، اب تحریک انصاف کےاتحادی ہیں تو انتخابات تک اتحادی ہی رہیں گے، قومی اسمبلی میں متعدد مرتبہ بلاول کی تقریر سنی ، وہ بہت میچور بات کرتےہیں۔

Back to top button