راوی کا برساتی بند ٹوٹنے سے پٹھان کالونی زیر آب،نقل مکانی شروع

تحصیل فیروزوالا اور دریائے راوی کے کنارے واقع متعدد دیہات میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہوگئی، برساتی نالے کا بند ٹوٹنے سے پٹھان کالونی کا مین لاہور جی ٹی روڈ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

متاثرہ علاقوں سے لوگ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک تین بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

سیلاب زدہ علاقوں رچنا ٹاؤن، رانا ٹاؤن، پٹھان کالونی، کوٹ عبدالمالک، کالا شاہ کاکو کے نواحی علاقوں، مراد پور، جامکے چیمہ میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔

مقامی افراد کے مطابق حفاظتی بند ٹوٹنے یا برساتی پانی کے اوور فلو کے باعث مختلف آبادیوں میں پانی داخل ہوا، جس کے بعد متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ کئی خاندانوں نے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے، جبکہ بعض گھروں میں مرد افراد سامان کی حفاظت کے لیے موجود ہیں۔

پٹھان کالونی کے رہائشی محمد ریاض نے بتایا کہ علاقے میں گزشتہ چار روز سے بجلی بند ہے اور پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ ان کے بقول ان کی فیملی رشتہ داروں کے گھر منتقل ہو چکی ہے، تاہم وہ سامان کی حفاظت کے لیے گھر پر موجود ہیں کیونکہ انہیں چوری کا خدشہ ہے۔

Back to top button