پی ٹی آئی کا آڈیو لیکس تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر وزرا کی مبینہ آڈیو لیکس کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے عدالت اعظمیٰ سے رجوع کر لیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر ممبران کو فریق بنایا گیا جبکہ درخواست کے ساتھ مبینہ آڈیو لیکس کی ٹرانسکرپٹ بھی لگائی گئی ہے۔

آڈیو لیکس میں موجودہ حکومت کی بدنیتی واضح ہے، شہباز شریف اور دیگر وزرا نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے، آڈیو لیکس کی انکوائری کر کے شہباز شریف اور کابینہ کے خلاف کرمنل کارروائی کی جائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آڈیو لیکس میں درخواست گزار کو سیاست سے دور رکھنے کیلئے سازش کی گئی، ان آڈیو لیکس میں ایک مجرمانہ سازش کے تحت درخواست گزارکو ٹارگٹ کیا گیا، آڈیو لیکس کو وزیراعظم اور وزیر داخلہ تسلیم کر چکے ہیں۔

درخواست میں رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق کے خلاف فوجداری کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے پلاننگ سے منظور نہیں کیے گئے، استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سے متعلق زیرالتواکیس کے ساتھ یہ درخواست منسلک کی جائے۔

انکوائری کمیشن وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے انکوائری کرے جب کہ اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف، احسن اقبال، ایاز صادق اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی انکوائری کی جائے، درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ نئی صورتحال پیدا ہونےسے قبل عدالت سے استدعا ہےکہ وہ جوڈیشل نوٹس لے۔

Back to top button