چئیرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے آرڈیننس کا مسودہ تیار
وفاقی وزارت قانون نے چئیرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا ہے جس کو منظوری کے لیے آئندہ منگل کو ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔
کابینہ اجلاس میں چئیرمین نیب کی ملازمت میں توسیع کی مدت کا بھی حتمی فیصلہ کیا جائے گا جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد مسودہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوایا جائے گا۔ بعض حکومتی شخصیات کو ایکسٹینشن کا دورانیہ 2 یا 4 سال رکھنے پراختلاف ہے اور چئیرمین کی تقرر تک موجودہ سربراہ کو برقرار رکھنے کا امکان ہے۔
حکومتی رہنما کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف پر نیب کیسز کے باعث نئے چئیرمین کی تقرری میں رکاوٹ ہے۔ اپوزیشن کے مطابق اگر موجودہ چئیرمین نیب کی مدت میں توسیع ہوئی تو عدالت سے رجوع کریں گے۔ واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی بطور نیب چئیرمین مدت میں توسیع پر وفاقی وزراء میں اختلاف کی خبر بھی سامنے آئی تھی۔
جاوید اقبال کی ملازمت میں توسیع کے حق میں چند وزراء ابھی بھی دلائل دے رہے ہیں۔پی ٹی آئی کے کچھ وفاقی وزراء چئیرمین نیب کی مدت میں توسیع کے خلاف ہیں۔
کچھ افسران بھی ان کے خلاف ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ کل کو چئیرمین نیب سے مسئلہ ہو سکتا ہے۔اختلاف رائے کرنے والے وزراء کا کہنا ہے کہ چئیرمین نیب کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی پر قانون سازی کی جائے لیکن توسیع نہیں۔اس حوالے سے اتحادی جماعتوں کے وزراء اور پارٹی لیڈرز سے اب تک مشاورت نہیں کی گئی۔
