1200میگا واٹ چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیراہم سنگ میل قرار

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1200 میگا واٹ کے منصوبے کا افتتاح معاشی لحاظ سے اہم ہے۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں چشمہ-5 نیو کلئیر پاور پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے چینی حکومت اور کمپنیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 1200 میگا واٹ کے منصوبے کا معاہدہ معاشی لحاظ سے بہتر اقدام ہے، چین اور پاکستان کیلئے یہ اہم موقع ہے، معاہدے سے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، چینی کمپنی اور پاکستان اٹامک انرجی کے درمیان 1200 میگا واٹ کے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کی یادداشت پر دستخط کردیئے، ایسے منصوبوں سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، کچھ عرصہ قبل کراچی میں کے 4 منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ میاں نواز شریف کے دور میں لگانے کا اصولی فیصلہ ہوگیا تھا، اس کی شرائط طے ہوگئی تھیں، گزشتہ حکومت نے اس منصوبے کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا، اب اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر لاگت پرانی والی ہی رکھی گئی ہے جس سے تیس ارب رب روپے کی بچت ہوگی، چشمہ فائیو منصوبہ سول اور فوجی قیادت کے ایک صفحہ پر ہونے کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی فائیو منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کی اعلیٰ مثال ہے، توقع ہے کہ بغیر کسی تاخیر کے اس منصوبے کو آگے بڑھائیں گے، مشکل معاشی صورتحال میں چین کی جانب سے 3.48 ارب ڈالر کے منصوبہ میں سرمایہ کاری واضح پیغام ہے کہ چینی کمپنیاں اور سرمایہ کار تسلسل کے ساتھ پاکستان پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں، ہماری دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے مضبوط ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اقتصادی مشکلات کا سامنا تھا اور نویں ریویو کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت ہورہی تھی، آئی ایم ایف کی طرف سے جو شرائط عائد کی گئیں ان سب کو ہم نے پورا کیا اس کے باوجود اس میں غیرمعمولی تاخیر کی گئی۔ اس مشکل وقت میں چین کی مالی مدد اہم ہے اس پر چینی صدر شی جن پنگ اور ان کی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت نے بھی ہماری معاونت کی، ہم دوستوں کی مدد اور معاونت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء سینیٹر محمد اسحاق ڈار، احسن اقبال، خرم دستگیر کے علاوہ چینی حکام بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ چشمہ 3 کا افتتاح دسمبر 2016ء اور چشمہ 4 کا افتتاح ستمبر 2017ء میں ہوا تھا۔

پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے زیرِانتظام چشمہ کے مقام پر چار نیو کلیر پاور پلانٹسC-1، C-2، C-3 اور C-4 سے 1330 میگا واٹ بجلی پاکستان کے نیشنل گرڈ کو مہیا کی جارہی ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان سویٹ ہومز کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ کیا، اس موقع پر انہوں نے وینز میں طالبات کے ساتھ بیٹھ کر گفتگو بھی کی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف مارگلہ ایونیو کا بھی افتتاح کیا۔

Back to top button