کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی تقریبات کا آغاز


خوبصورت بھارتی اداکارہ اور اداکار سلمان خان کی محبوبہ سمجھی جانے والی کترینہ کیف کے بارے میں ایک مرتبہ پھر یہ اطلاعات ہیں کہ وہ بھارتی اداکار وکی کوشل سے شادی رچانے جا رہی ہیں اور تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے کترینہ نے اپنی شادی کی خبر کو جھوٹا قرار دیا تھا۔ کترینہ نے بتایا تھا کہ وہ دسمبر 2021 میں شادی نہیں کر رہیں لیکن اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے ’روکا‘ کی رسم بھی ادا کرلی اور وہ آئندہ ماہ پیا گھر سدھار جائیں گی۔
اس وقت بھارت میڈیا میں بالی ووڈ کی باربی ڈول کہلانے والی کترینہ کیف اور اداکار کوشل کی شادی کی خبریں زوروشور سے گردش کر رہی ہیں۔ بھارتی میڈیا نے تو دونوں کے درمیان شادی سے قبل کی رسم ’’روکا ‘‘ کے ادا ہونے کا بھی دعویٰ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ ’روکا‘ کی رسم ہندو مذہب کے پیروکار شادی سے قبل ادا کرتے ہیں جسے منگنی کی رسم بھی سمجھا جاتا یے۔ تاہم زیادہ تر افراد ’روکا‘ کی رسم کو شادی کے لیے دولہا اور دلہن سمیت ان کے اہل خانہ کی باہمی رضامندی کے لیے ہونے والی ملاقات کو قرار دیتے ہیں۔
معروف بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی ’روکا‘ کی رسم فلم ساز کبیر خان کے گھر ہوئی جس میں دونوں اداکاروں سمیت ان کے اہل خانہ اور قریبی افراد نے شرکت کی۔ بھارتی میڈیا سے اس تقریب کو خفیہ رکھنے کے لیے اس رسم کو دیوالی کے موقع پر ادا کیا گیا۔ رسم میں دولہا اور دلہن کی شادی سے متعلق باہمی رضامندی کے معاملات طے کیے جاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ’روکا‘ کی رسم کے بعد اب دونوں لو برڈز دسمبر میں ریاست راجستھان میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ بتایا گیا کہ دونوں نے اپنی آنے والی فلموں کی شوٹنگ کی وجہ سے ہنی مون نہ منانے کا فیصلہ بھی کیا ہے اور شادی کے فوری بعد دونوں شوٹنگ پر چلے جائیں گے۔
تاہم واضح رہے کہ تاحال وکی کوشل اور کترینہ کیف نے اپنی شادی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی انہوں نے کسی کو شادی کے دعوت نامے بھجوائے ہیں۔ اس کے باوجود میڈیا میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دونوں دسمبر میں شادی کر لیں گے۔

Back to top button