کراچی کی فیکٹری میں آتشزدگی ، 17 افراد جاں بحق

کراچی کی مقامی فیکٹری میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 17 تک پہنچ گئی ہے ، ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے نتیجے میں کوئی ہنگامی راستہ نہ ہونے کی وجہ سے فیکٹری میں 20 سے 25 افراد پھنس گئے تھے۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ فیکٹری مین سوٹ کیس اور دیگر سامان بنایا جاتا تھا اور کیمکل کے ڈرمز موجود تھے۔
فیکٹری کی کھڑکی توڑ کر لاشوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔پولیس سرجن سمعیہ سید کے مطابق اب تک جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں 5 افراد کی لاشیں لائی جاچکی ہیں۔کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کے عمل کے دوران ایدھی کا ایک رضاکار گر کر زخمی ہوگیا جسے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آگ لگنے کے باعث 10 افراد دم گھٹنے کے سبب جاں بحق ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صبح 10 بج کر 9 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی اور 10 بج کر 10 منٹ پر عملہ روانہ ہوا، تمام تر اقدامات کیے گئے لیکن مشکل اس لیے پیش آئی کہ ہنگامی اخراج کا راستہ نہیں تھا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آگ بجھ گئی ہے اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ فیکٹری کی پہلی منزل پر 21 افراد کام کررہے تھے جس میں سے 10 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتا ہوں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ معاملے کی تفتیش کر رہا ہے، رپورٹ مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے شئیر کی جائے گی۔
