کروناکے پھیلاؤ میں شدت، پاکستان کی صورتحال مزید 2 درجے خراب

ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے کے ساتھ ہی کرونا کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے اور کرونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کی صورتحال مزید 2؍ درجے خراب ہوگئی ہے، کیسز کے حوالے سے 2؍ دن میں درجہ بندی 24؍ سے 22؍ پر پہنچ گئی، ایک دن میں 1908؍ مریضوں کا اضافہ ہوا، پنجاب میں کیسز کی تعداد 10؍ ہزار سے بڑھ گئی ہے، جمعہ کو ملک میں نئے کیسز کے بعد کرونا مریضوں کی تعداد 26806؍ تک جا پہنچی جبکہ مزید 31؍ اموات کے بعد کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 622؍ ہوگئی۔
ملک میں ٹیسٹوں میں اضافے کے بعد کیسز کی تعداد بڑھنے لگی۔ دوسری جانب حکومت سندھ نے پیر سے لاک ڈائون میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے صوبے میں مزید 81؍ کاروبار کھولنے کی اجازت دیدی، جبکہ پنجاب حکومت نے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن نرم کرنے کی مخالفت کر دی، خیبر پختونخوا اور بلوچستان حکومتوں نے بھی محدود سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے بازار اور دکانیں ہفتے میں 4دن کھولنے کا اعلان کیا ہے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن رہے گا،دکانیں سہ پہر چار بجے بند ہونگی، مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنیوالی دکانوں کو سیل کیا جائیگا۔ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے لاک ڈاؤن کے معاملے پر وفاق کے ساتھ چلنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اختلافات کے باوجود وفاقی حکومت کے فیصلوں پر 100؍ عمل کرینگے، انہوں نے بتایا کہ پیر سے چھوٹی دکانیں کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی، صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک دکانیںکھلیں گی، ہفتے اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔
پنجاب کےوزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وہ پنجاب میں وفاق ضابطہ کار پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے جمعہ کو مزید 31 افراد جاں بحق ہوگئے جسکے بعد ہلاکتوں کی تعداد 622 ہوگئی۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 221 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ پنجاب میں 194 اور سندھ میں 176 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 24، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 257247؍ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 7530؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
جمعہ کو ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 1908 کیسز اور 31 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 598 کیسز 5 ہلاکتیں، پنجاب 838 کیسز 12 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 371 کیسز اور 12 ہلاکتیں، بلوچستان 62 کیسز 2 ہلاکتیں، اسلام آباد 37 کیسز اور آزاد کشمیر سے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ سے جمعہ کورونا کے مزید 598 کیسز اور 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5532 ٹیسٹ کیے گئے جو پورے ملک کے کسی بھی صوبے میں سب سے زیادہ ٹیسٹ ہیں، ہماری ٹیسٹنگ صلاحیت 5600 ہوگئی ہے جس پر ہم نے 98 فیصد تک کام کیا ہے، اس طرح کل ٹیسٹوں کی تعداد 81640 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 9691 اور ہلاکتیں 176 ہوگئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 87 افراد صحتیاب ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1940 ہوگئی ہے۔
پنجاب سے کورونا کے مزید 838 کیسز اور 12 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کی۔جسکےبعد صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 10033اور اموات 194 ہوگئی ہیں۔ پنجاب میں کرونا سے اب تک 3201 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں جمعہ کو کورونا کے مزید 62 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کےمریضوں کی مجموعی تعداد 1725 اور اموات 24 ہوگئی ہیں جبکہ 209 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد میں آج کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز سامنے آئے جسکے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 558 ہوگئی ہے جبکہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
