ارطغرل کے بعد انگین التان ایک اور تاریخ ساز شخصیت بننے کیلئے تیار

دیریلیش ارطغرل میں مرکزی کردار ادا کرنے والے انگین التان دوزیتان کورلش عثمان کا حصہ نہیں بنے تھے۔
تاہم وہ ترکی کے چینل ٹی آر ٹی کے ایک اور تاریخی ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کریں گے جو خیرالدین باربروس کی زندگی پر مبنی ہوگا۔
اس سیریز کے بارے میں مکمل تفصیلات تو موجود نہیں مگر اس کا پہلا ٹریلر ضرور سامنے آگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انگین التان کو خیرالدین باربروس کے بڑے بھائی عروج رئیس کے کردار کے لیے منتخب کیا گیا جبکہ Yetkin Dikinciler İshak خیر الدین کا کردار ادا ادا کریں گے۔
یہ ڈراما ممکنہ طور پر بہت جلد نشر ہونا شروع ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکار کو سمندر کے حوالے سے شوق کے بارے میں جانا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ نیا تاریخی ڈراما ان کے لیے کافی پرجوش ہے۔
ارطغرل کے 5 ویں سیزن کے بعد انگین التان کافی عرصے بعد ٹی وی اسکرین پر اس ڈرامے میں نظر آئیں گے۔
16 ویں صدی کے خیرالدین باربروس اسلامی تاریخ کی ایک اہم شخصیت ہیں، جن کی مدد سے خلافت عثمانیہ خشکی کے ساتھ ساتھ سمندروں پر بھی اپنے دور کی سب سے بڑی طاقت بن گئی تھی۔
ابتدائی زندگی
خیر الدین باربروس کا ایک پورٹریٹ— فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
بہت کم افراد کو علم ہے کہ خیرالدین باربروس ان کا اصل نام نہیں تھا بلکہ خضر تھا جن کی پیدائش 1478 میں لزبوس نامی جزیرے میں ہوئی تھی جو شمال مشرقی بحیرہ ایجیئن میں واقع ہے۔
وہ چاروں بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے اور انہوں نے عملی زندگی کا آغاز اپنے تیار کردہ ایک بحری جہاز سے مختلف جزیروں میں تجارتی سرگرمیوں سے کیا تھا۔
باربروس کی عرفیت کی وجہ دراصل ان کے بڑے بھائی بابا عروج اور ان کی سرخ داڑھی تھی اور وہ باربروس بردارن کہلانے لگے تھے جبکہ عثمانی سلطان سلیم اول نے انہیں خیرالدین کا نام دیا تھا۔