کوئی ایشین ٹائیگر، مدینہ کی ریاست کا مقابلہ نہیں کر سکتا

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم قوم کی عظمت کے راستے پر چل رہے ہیں، کوئی ایشین ٹائیگر، ریاست مدینہ کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔عمران خان نے لاہور میں صحت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب میں برطانیہ گیا تو میں نے پہلی بار فلاحی ریاست دیکھی، فلاحی ریاست وہ ہوتی ہے جو لوگوں کی مدد کرتی ہے، فلاحی ریاست ایک عام آدمی کی بنیادی ضروریات پوری کرتی ہے، وہ یہ نہیں چاہتی کہ خاص طبقہ ترقی کرے۔عمران خان نے کہا کہ یہ ریاست پہلی بار نبی ﷺ نے بنائی، پہلی بار ایک ریاست نے کمزور طبقے کی ذمہ داری لی تھی، اگر وہ ماڈل آپ نے دنیا میں دیکھنا ہے وہ مسلمان ممالک میں نہیں بلکہ یورپ میں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب اللہ پاک ہمیں حکم دیتا ہے کہ نبی ﷺ کے راستے پر چلو تو اس میں ہماری بہتری ہے، نبی ﷺ کا خطاب رحمت اللعالمین تھا، رحمت المسلمین نہیں تھا، یعنی ان کے راستے پر جو چلے گا وہ ترقی کرے گا، نمازیں بھی زیادہ ہوتی ہیں، ہماری تبلیغی جماعتیں اتنے بڑے بڑے اجتماعات کر رہی ہیں لیکن ہم نبی کے راستے پر نہیں چلتے۔
عمران خان نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور ہم جو اقدام اٹھا رہے ہیں، ہم اس راستے پر چل رہے ہیں جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے، ہم اس راستے پر جانا چاہتے ہیں جس کے لیے پاکستان بنا تھا، اگر پاکستان اس راستے پر نہیں چلا تو یہ ہندوستان کے لوگوں کے لیے بہت بڑا دھوکا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں سب کو مارچ تک ہیلتھ کارڈ فراہم کیا جائیگا خیبر پی کے میں سب کو ہیلتھ کارڈ مل جائے گا اور اب بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لوگوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرنے ہیں۔

Back to top button