یوکرائن کشیدگی:امریکہ کی روس کو تعلقات ختم کرنے کی دھمکیاں
یوکرائن میں کشیدگی کے معاملے پر امریکہ نے روس کو تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دے دی، اس سلسلے میں صدر بائیڈن اور روسی صدر ولادمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
وائٹ ہائوس کے مطابق 50 منٹ تک ہونے والی گفتگو میں صدر جو بائیڈن نے اپنے روسی ہم منصب سے کہا کہ امریکا یوکرین پر کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دے گا۔
امریکی صدر نے یوکرین میں پرتشدد صورت حال میں کمی لانے کا مطالبہ کیا اور سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کے حل کے لیے روس کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ صدر پیوٹن نے امریکی صدر کو خبردار کیا ہے کہ ماسکو پر معاشی پابندیاں سنگین غلطی ہوگی اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ یوکرین کی کشیدگی کو لے کر یہ تین ہفتوں میں دونوں صدور کے درمیان دوسرا ٹیلیفونک رابطہ ہے۔
