کورونا: اٹلی میں 977 نئے کیسز آگئے، مزید 168 افراد ہلاک

چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس سے دنیا بھر کی معیشتیں بھی سست روی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹس میں بھی بندی ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ چین میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ہوبئی میں لاک ڈاؤن بھی نرم کردیا گیا ہے جبکہ چینی صدر شی جن پنگ نے کورونا سے دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان کا دورہ کیا ہے۔
چین میں کورونا وائرس سے آج مزید 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد چین میں میں اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اموات کی تعداد 3 ہزار 136 ہوگئی ہے۔چین میں متاثرہ افراد کی تعداد 80761 ہوگئی ہے تاہم ان میں سے 60 ہزار 113 افراد صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں جبکہ 17 ہزار 512 افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 4 ہزار 794 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔اٹلی کورونا کے سبب پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے، ملک بھر میں نقل وحرکت، اجتماعات ، شادی سمیت دیگر تقریبات پر پابندی ہے۔ تمام ریسٹورنٹس کو شام 6 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اٹلی میں آج مزید 977 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 168 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اٹلی میں اب تک 10,149 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 631 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ ہلاکتوں کے اعتبار سے اٹلی یورپ کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔دنیا میں کورونا وائرس سے تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات ایران میں ہوئی ہیں۔ ایران میں آج بھی881 نئے کیسز سامنے آئے اور 54 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 291 ہوگئی ہے۔ ایران میں مجموعی طور پر 8 ہزار 42 افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 2731 صحتیاب ہوچکے ہیں۔
جنوبی کوریا میں بھی آج کورونا وائرس کے مزید 35 کیسز سامنے آئے جبکہ 5 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد جنوبی کوریا میں مجموعی اموات 58 ہوگئیں۔ جنوبی کوریا میں اب تک 7513 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 247 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔کورونا وائرس سے یورپ میں دوسرا سب سے متاثر ملک اسپین ہے جہاں آج مزید 443 افراد میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1674 ہوگئی ہے۔اسپین میں آج کورونا سے 5 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد کورونا سے کُل ہلاکتیں 35 ہوگئی ہیں۔
یورپی ملک فرانس میں اب تک 1412 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 30 افراد ہلاک اور 12 صحتیاب ہوچکے ہیں۔جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1437 تک جاپہنچی ہے اور آج بھی 213 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ملک میں اب تک صرف 2اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔امریکا میں بھی کورونا وائرس تباہی پھیلارہا ہے اور اب تک 773 امریکی شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ آج بھی کورونا کے 69 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 2 افراد ہلاک بھی ہوئے۔
امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 28ہوگئی ہے۔جاپان میں آج مزید 51 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 581 ہوگئی ہے۔ جاپان میں آج ایک ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں مجموعی ہلاکتیں 10 ہوگئی ہیں۔
