گلوکار جواد احمد بھی کرونا سے نہ بچ سکے

جہاں پاکستان بھر میں دن بدن کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں شوبز شخصیات میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہورہی ہے۔
معروف پاکستانی گلوکار اور پاپ موسیقارجواد احمد بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ جواد احمد نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی اور بتایا کہ ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے. انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خود میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد اب وہ آئسولیشن میں ہیں۔ گلوکار جواد احمد نے سب کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سمجھداری سے کام لینے کی بھی تلقین کی تاکہ لوگ اپنے ارد گرد موجود افراد کو متاثر نہ کریں۔ ہفتے اداکار عثمان مختار اور ماڈل فروا علی میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جبکہ ان سے قبل ماڈل علیزے گبول بھی کرونا وائرس کا شکار ہوئی تھیں اور وہ اب صحتیاب ہوچکی ہیں، ان سے قبل بھی درجن سے زائد پاکستانی شوبز شخصیات کورونا کا شکار ہوئی تھیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔ کرونا کے باعث پاکستان میں 2 اداکاروں کی موت بھی ہوچکی ہے، جن میں 9 ستمبر کو فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار مرزا شاہی اور 21 مئی کو سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں و ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی چل بسے تھے، اس کے علاوہ اداکارہ سکینہ سموں، ندا یاسر، یاسر نواز، روبینہ اشرف، گلوکار ابرار الحق، بلال مقصود کامیڈین و میزبان شفاعت علی, واسع چوہدری اور نوید رضا ھی وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں 3 نومبر کی دوپہر تک مجموعی طور پر کرونا متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 36 ہزار 260 تک جا پہنچی تھی، جن میں سے 3 لاکھ 15 ہزار 446 صحتیاب جبکہ 6 ہزار849 انتقال کر چکے ہیں۔
