گورنر اسٹیٹ بینک پاکستان کو تباہ کرنے کے مشن پر ہیں

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے پہلے مصر کا بیڑا غرق کیا اور پاکستان کو تباہ کرنے کے مشن پر ہیں۔
سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر الزام لگاتی تھی کہ انہوں نے ڈالر کو مصنوعی کنٹرول کررکھا تھا ، اب حکومت کو چیلنج ہے کہ وہ عارضی طورپر ہی ڈالر کو ایک سو روپے تک لے کر آ جائے۔
اس پر عمر ایوب خان جواب دیا کہ (ن) لیگ نے 23.6 ارب ڈالر کا قرض صرف روپے کو مستحکم رکھنے کے لیے لیا جس پر 9 ارب ڈالر سود ادا کیا جارہا ہے۔
ڈالر کی قیمت بڑھنے پر گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر کی انوکھی منطق پر لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ڈالر بڑھنے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فائدہ ہوتا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک بتائیں کہ 22 کروڑ عوام کا کیا بنے گا، انھوں نے پہلے مصر کا بیڑا غرق کیا اور اب پاکستان کو تباہ کرنے کے مشن پر ہیں۔
سی پیک منصوبوں کے حوالے سے تفصیلات بھی ایوان میں پیش کر دی گئی ہیں ، وزارت منصوبہ بندی کے مطابق اس وقت 25ارب ڈالر کے 39 منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں یا زیر تکمیل ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے کورم کی نشاندہی کی جب کہ اسپیکرنے کورم ٹوٹنے پر اجلاس غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔
