سپیکر پنجاب اسمبلی کا گورنر کی ایڈوائس پر اجلاس بلانے سے انکار

سپیکر پنجاب اسمبلی نے سیاسی بحران میں مزید کردار ادا کرتے ہوئے گورنر کی ایڈوائس پر اجلاس بلانے سے انکار کر دیا ہے، گورنر پنجاب کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کے لیے 2 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کے جواب میں اسپیکر نے بھی 2 صفحات کی رولنگ جاری کردی۔
واضح رہے کہ اسمبلی اجلاس نہ ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن نے آج پنجاب اسمبلی آنے اور احتجاج کا اعلان کررکھا ہے۔ دوسری جانب اسمبلی سیکرٹریٹ نے گورنر کے حکم پر اجلاس بلانے کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا جب کہ اسپیکر نے اپنے طلب کردہ جاری اجلاس کو گزشتہ شب جمعہ تک ملتوی کردیا تھا۔
چیف وہپ پنجاب اسمبلی کے مطابق مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان آج پنجاب اسمبلی جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آج سہ پہر 4 بجے گورنر کے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی پہنچیں گی۔
خلیل طاہر سندھو کے مطابق حکومت نے اگر پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کیے تو پھر وہیں اجلاس منعقد کریں گے۔ اگر حکومت نے اجلاس بلایا اور نہ ہی وزیر اعلیٰ نے اعتماد کا ووٹ لیا تو گورنر کے پاس اختیار ہے کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے پاس اب ایک ہی آپشن ہے کہ وہ اعتماد کا ووٹ لیں وگرنہ آئینی طور پر اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے۔
یاد رہے کہ گورنر پنجاب نے آج بدھ کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے جب کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نےآج اجلاس نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس جمعہ کے روز تک ملتوی کر دیا تھا۔
