5بڑے ہسپتالوں اپ گریڈیشن مکمل،محسن نقوی نے خوشخبری سنادی

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کاکہنا ہے پنجاب کے 5بڑے ہسپتال اپ گریڈیشن کے بعد 4،5دن میں کھول دئیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کاجناح ہسپتال ایمرجنسی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال ملتان، نشترٹو، پی آئی سی لاہوراور میوہسپتال کی ایمرجنسی فنکشنل کی جارہی ہے۔ ڈی جی خان کارڈیالوجی ہسپتال پرانا پراجیکٹ تھا جسے شب وروز محنت سے تقریباً مکمل کرلیا ہے۔ انڈس ہسپتال کوکینسر ہسپتال بنانے کے لئے پنجاب حکومت کو عطیہ کیا جارہاہے۔پنجاب حکومت کو عطیہ کئے جانے والا انڈس ہسپتال کی لاگت اس وقت 60 سے70 ارب روپے سے کم نہیں ہے۔ انڈس ہسپتال ایک بڑا ہسپتال ہے۔
محسن نقوی کاکہنا تھا کہ وفاقی وزیر گوہر اعجاز، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، جناح ہسپتال کی انتظامیہ، میری ٹیم او ردیگر تمام متعلقہ افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وفاقی وزیر گوہر اعجاز جناح ہسپتال سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں،انہوں نے زندگی کے کئی سال جناح ہسپتال کے لئے وقف کئے۔
نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں مزید بڑے پراجیکٹ مکمل کرکے کھول دئیے جائیں گے۔پی آئی سی کی ایمرجنسی اپ گریڈ ہوچکی ہے۔ ایک ایمرجنسی فرینڈز آف پی آئی سی چلارہے ہیں، ا ن سے درخواست ہے کہ اسے اپ گریڈ کر لیں۔ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لئے پوری ٹیم نے دن رات کام کیاہے۔
