انسانی سمگلنگ میں ملوث41ایف آئی اے افسران کی برطرفی کاانکشاف

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ صرف سال 2024 میں ایف آئی اے کے 41 اہلکاروں کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر ملازمت سے برطرف کیا گیا جبکہ 63 اہلکار مختلف مقدمات میں نامزد ہوئے۔
سینیٹ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سید سیدال خان کی زیر صدارت گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شہادت اعوان نے سوال اٹھایا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث 51 اہلکاروں کو نکالا گیا ہے، لیکن کیا ان کو کوئی سزا بھی دی گئی؟
طلال چوہدری نے وضاحت کی کہ 2024 میں 41 اہلکار برطرف ہوئے، 63 مقدمات درج ہوئے، جن میں سے صرف 16 اہلکار بری ہوئے ہیں۔ ان کی بریت کے خلاف بھی پراسیکیوشن اپیل دائر کر رہی ہے۔
سینیٹر دنیش کمار نے نشاندہی کی کہ زیادہ تر کارروائی نچلے گریڈ کے اہلکاروں کے خلاف ہوئی ہے اور سوال کیا کہ گریڈ 17 سے اوپر کے کتنے افسران کو سزا دی گئی؟
جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ برطرف ہونے والوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز جیسے اعلیٰ عہدے کے افسران بھی شامل ہیں، اور حکومت ان اہلکاروں کی فہرست ایوان کو فراہم کرے گی جو عدالتوں سے بری ہوئے ہیں۔
