موسلادھاربارش سے کراچی میں فضائی آپریشن مفلوج

کراچی میں موسلا دھار بارش نے جہاں شہری زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے وہیں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق خراب موسم اور تیز بارش کے باعث 8 پروازیں منسوخ جبکہ 20 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

اسکردو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز PK-456 لینڈ نہ کرسکی اور متبادل ائیرپورٹ کی طرف موڑ دی گئی، جبکہ دبئی سے آنے والی پرواز FZ-335 کو کراچی کے بجائے ملتان بھیج دیا گیا۔

اسی طرح کراچی سے اسلام آباد کی چار پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ریکارڈ کی گئی، جبکہ جدہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور کولمبو سے آنے والی پروازیں بھی اپنے مقررہ وقت پر نہ اتر سکیں۔

کراچی سے مدینہ، دبئی، پشاور، ٹورنٹو اور جدہ جانے والی پروازوں میں 1 سے 5 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ قومی ایئرلائن کی کراچی-کوئٹہ کی دو پروازیں (PK-310، PK-311) اور کراچی-اسلام آباد کی دو پروازیں (PK-308، PK-309) منسوخ کردی گئیں، جبکہ کراچی سے دبئی کی دو پروازیں بھی آپریشن کا حصہ نہ بن سکیں۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے باعث پروازوں کی آمد و رفت میں تبدیلی کی گئی ہے، بعض پروازوں کو متبادل ائیرپورٹس پر اتارا گیا ہے۔ ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ موسم کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پروازوں سے متعلق بروقت معلومات حاصل کریں۔

Back to top button