پاکستان اورکرغستان کا تجارت ،توانائی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

صدر آصف علی زرداری اور کرغزستان کے صدر جپاروف نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سرکاری دورہ کرغزستان کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کرغزستان کے صدر جپاروف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے، جن میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر زرداری نےکہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مشترکہ مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں پر مبنی برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں تجارت، صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھا کر مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط بہتر بنانے کے لیے براہِ راست پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوامی روابط مضبوط ہوں گے اور اقتصادی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ مل کر خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ دونوں ممالک آئندہ نسلوں کے لیے مزید پُرامن ماحول کی تشکیل میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر کرغزستان کے صدر صدر جپاروف نے بھی پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور کا بھی جائزہ لیا۔
