مستونگ،ٹریک پر دھماکےسےجعفر ایکسپرس کی 6 بوگیاں پٹڑی سےاتر گئیں، 4 افراد زخمی

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بلوچستان میں متعدد ایسے واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں شدت پسندوں نے صوبے کے ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر اور ریلوے ٹریکس کو نشانہ بنایا ہے۔
دریں اثنا ریلوے کوئٹہ ڈویژن کے پبلک ریلیشنز آفیسر محمد کاشف نے بتایا کہ اسپیزنٹ میں ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا، جس کے نتیجے میں پشاور سے کوئٹہ جانیوالی جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرین پشاور سے کوئٹہ آ رہی تھی اور اس میں 270 مسافر سوار تھے، مزید بتایا کہ دھماکے کے بعد ریلیف ٹرین کوئٹہ سے روانہ کر دی گئی جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے آفیسرز کی ٹیم، ریسکیو ٹرک اور پرائیویٹ کرینیں موقع پر پہنچا دی گئی ہیں۔
