پاکستان کی ڈئمنڈ جوبلی پر 75 روپے کا یاد گاری نوٹ جاری
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر75 روپے کا یاد گاری نوٹ جاری کر دیا۔
یادگاری نوٹ سے متعلق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مرکزی بینک ایک یادگاری نوٹ جاری کر رہا ہے، 75 روپے مالیت کا یہ نوٹ ستمبر 2022 کے آخری ہفتے میں دستیاب ہوگا۔
قومی بینک کے بیان میں کہا گیا کہ نوٹ کا سبز رنگ نمو اور ترقی کی علامت کے ساتھ ساتھ ملک کی اسلامی شناخت کو اجاگر کرتا ہے، اس میں موجود سفید رنگ جہاں سبز رنگ کی جاذبیت کو اجاگر کرتا ہے وہیں وہ ملک کی کثیرالمذہبی ہیئت کا آئینہ دار بھی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ نوٹ کے سیدھے رخ پران ممتاز اکابرین ملت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جنہوں نے بلاامتیاز رنگ و نسل برصغیر کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے مسلمانوں کو ایک وحدت ملی میں پرو کر تشکیل و تکمیل پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔
بیان کے مطابق نوٹ کے عقبی رخ پر مارخوراور دیارکی تصاویر ہیں جو کہ تحفظ ماحولیات پر ہماری قومی ترجیحات کا عکاس ہے،اس یادگاری نوٹ کو جدید قابل اعتماد سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ محفوظ بنایا گیا ہے، حفاظتی دھاگے پر 75 کا ہندسہ قوس قزح کے رنگوں کے اندر تحریر ہے، نوٹ کو حرکت دینے پردھاگے میں ابھرتی لہرکا تاثر پیدا ہوتا ہے۔
مرکزی بینک کے بیان کے مطابق نوٹ پر 2 واٹر مارک ہیں جن میں قائد اعظم کی تصویر اور75 کا ہندسہ روشنی میں دیھکنے پر نمایاں ہوتے ہیں، نوٹ کے بالائی حصے میں انتہائی بائیں جانب 75 کا ہندسہ درج ہے، نوٹ کو حرکت دینے پر 75 کا ہندسہ سبز اور سنہری رنگ کے مابین تبدیل ہوتا رہتا ہے۔
حمزہ کے حلف کے معاملہ پر فیصلہ محفوظ، 6:30 سنایا جائیگا
اسٹیٹ بینک کے مطابق نوٹ کے اوپری حصے پر موجود ہندسے ابھری ہوئی چھپائی سے مزین ہیں جنہیں انسانی ہاتھ با آسانی محسوس کرسکتے ہیں، ان میں اکابرین کی تصاویر، نوٹ کے زیریں حصے پر 75 کا ہندسہ اور اس سے جڑی 5 متوازی لائنیں شامل ہیں، 75 کا ہندسہ اور یہ پانچ لائنیں بینائی سے محروم افراد کے لیے نوٹ کو پہچاننے میں بطور خاص معاون ہیں۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری یادگاری نوٹ پر قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، سر سید احمد خان اور فاطمہ جناح کی تصاویر موجود ہیں، یادگاری نوٹ پر تصاویر تحریک پاکستان کی کوششوں کے اعتراف میں جاری کی گئی ہیں۔
