غزہ،اسرائیلی حملوں میں مزید89فلسطینی شہید

 غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے نہ رک سکے، تازہ فضائی و زمینی کارروائیوں میں مزید 89 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 513 فلسطینی زخمی بھی ہوئے، شہدا میں 31 افراد وہ بھی شامل ہیں جو امداد کے منتظر تھے۔

غزہ میں قحط کی صورتحال بدستور سنگین ہے، بھوک کی شدت سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد جنگ کے آغاز سے اب تک غذائی قلت سے اموات کی تعداد 227 ہو گئی، جن میں 103 بچے شامل ہیں۔

مزید برآں، خوراک کے حصول کے دوران پیش آنے والے واقعات میں 2 فلسطینی بچے امدادی مرکز پر گرم سوپ گرنے سے جھلس گئے، جبکہ دھکم پیل میں دیگر بچوں پر بھی گرم کھانا گرنے کے واقعات پیش آئے۔

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خان یونس کے الکتبیہ علاقے میں اسرائیلی دراندازی کے دوران ایک ہائی ایکسپلوسیو ڈیوائس سے فوجی گاڑی کو تباہ کر دیا۔

ادھر فرانس سمیت 27 یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ غزہ میں انسانی بحران ناقابل تصور حد تک پہنچ چکا ہے اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی اداروں کو بلارکاوٹ اور محفوظ طریقے سے امداد پہنچانے کی اجازت دی جائے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!