جیلی فش کے ہجوم نےایٹمی پاور پلانٹ بند کرا دیا

فرانس کے شہر گراولینز میں واقع ایک ایٹمی بجلی گھر کو بڑی تعداد میں جیلی فش آنے کے باعث عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جیلی فش کا بڑا ہجوم پلانٹ کے فلٹرز میں پھنس گیا، جس سے کولنگ سسٹم متاثر ہوا اور نتیجتاً پاور پلانٹ کے چار یونٹس خودکار طور پر بند ہوگئے۔
واضح رہے کہ شمالی فرانس میں قائم اس پلانٹ کی دو یونٹس پہلے ہی مرمت کے لیے بند تھیں۔
توانائی کمپنی کے مطابق اس واقعے سے پلانٹ کی حفاظت، عملے کی سلامتی یا ماحول پر کوئی اثر نہیں پڑا، کیونکہ جیلی فش صرف پلانٹ کے غیر جوہری حصے میں موجود تھیں۔
گراولینز پاور پلانٹ فرانس کے سب سے بڑے ایٹمی بجلی گھروں میں سے ایک ہے، جس کے چھ میں سے ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 900 میگاواٹ ہے۔
پلانٹ کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے بحیرہ شمال سے ایک نہر کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے، جہاں گرمیوں میں جیلی فش کی مختلف اقسام عام طور پر دیکھی جاتی ہیں۔
