وزیراعظم تمام ایجنسیوں کو کسی جج سے رابطہ نہ کرنے کی ہدایت جاری کریں: لاہور ہائی کورٹ

لاہور ہائی کورٹ نے سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو آئی ایس آئی کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کردیا، عدلات عالیہ نے کہا کہ آئی بی، آئی ایس آئی وزیر اعظم کے ماتحت ہیں، وزیر اعظم کو ذمہ داری لینی ہوگی۔

تحریری حکم نامے کے مطابق وزیراعظم آفس آئی ایس آئی اور آئی بی سمیت تمام سول اور ملٹری ایجنسیوں کو ہدایت جاری کریں کہ وہ مستقبل میں اعلی عدلیہ اور ماتحت عدلیہ کے کسی بھی جج یا ان کے عملے کو اپروچ نہ کریں۔

عدالت نے کہا کہ آئی جی پنجاب بھی ماتحت افسروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روکنے کی ہدایات جاری کریں، اے ٹی سی عدالتوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اگر کوئی حفاظتی اقدامات کرنے ہیں تو متعلقہ جج سے مشاورت کی جائے۔

تحریری حکم نامے میں کہاگیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے ججز اپنے موبائل میں ریکارڈنگ ایپ ڈاون لوڈ کریں، پنجاب کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں 9مئی کے تمام کیسز کا ترجیحی بنیادوں پر فیصلہ کریں۔

Back to top button