معروف اداکارہ شبانہ اعظمی ایک سڑک حادثےمیں شدیدزخمی ہوگئیں
بھارت کی ناموراداکارہ شبانہ اعظمی ریاست مہاراشٹرا میں کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق شبانہ اعظمی کی گاڑی کا حادثہ مہاراشٹرا کے ضلع ریگاد میں ممبئی۔ پونےایکسپرس وے پرپیش آیا۔ حادثے کے وقت گاڑی میں اداکارہ کے شوہرومعروف لکھاری جاوید اختربھی موجود تھے، تاہم وہ زخمی ہونے سے بچ گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 69 سالہ اداکارہ کی ٹاٹا سفاری ایس یو وی گاڑی کو حادثہ ممبئی سے تقریباً 60 کلومیٹردورکھالاپورکے قریب دوپہرساڑھے3 بجے کے قریب پیش آیا اوران کی گاڑی ایک ٹرک سے پیچھےسےجا ٹکرائی۔
حادثے کی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شبانہ اعظمی کو گاڑی کی پچھلی نشست سے نکالا گیا اور ان کے چہرے اور آنکھ پرسوجن نظر آئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ اداکارہ کی گاڑی کا اگلا حصہ پوری طرح تباہ ہوگیا۔ ریگاد کے سپرنٹنڈنٹ پولیس انیل پرَسکار نے کہا کہ شبانہ اعظمی کو فوری طورپرممبئی کے ایم جی ایم ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ہائی وے پولیس کی گشتی ٹیمیوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ شبانہ اعظمی کو 1998 میں پدما شِری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جبکہ وہ 5 بارنیشنل فلم ایوارڈ بھی حاصل کرچکی ہیں۔ وہ آخری بار2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دی بلیک پرِنس’ میں اداکاری کرتی ہوئی نظر آئی تھیں۔ شبانہ اعظمی اورجاوید اختر کئی بارپاکستان میں ثقافتی و ادبی پروگراموں میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔