موٹروے پرشہری اہلیہ کو سروس ایریا میں بھول گیا

موٹروے پر سفر کے دوران اکثر لوگ قیمتی اشیاء بھول جاتے ہیں، لیکن گوجرانوالہ کے ایک شہری نے حد کر دی۔نماز کے وقفے کے بعد اپنی اہلیہ کو ہی سروس ایریا میں چھوڑ کر روانہ ہو گیا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق، گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والا شخص اپنی بیوی کے ہمراہ کار پر کراچی جا رہا تھا۔ راستے میں جڑانوالہ سروس ایریا میں وہ نماز کے لیے رکے، شوہر نے نماز جلدی ختم کی، گاڑی میں بیٹھا اور اکیلا ہی روانہ ہو گیا۔
تقریباً 20 کلومیٹر سفر طے کرنے کے بعد اسے احساس ہوا کہ اُس کی اہلیہ تو اب بھی سروس ایریا میں موجود ہے۔ فوری طور پر اُس نے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن پر کال کی اور مدد کی درخواست کی۔
موٹروے پولیس نے تصدیق کے بعد خاتون کو بحفاظت اُس کے شوہر تک پہنچا دیا۔