فلم ”سردار جی 3″ کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کی انٹری، مداح حیران

بھارتی فلم "سردار جی 3” کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کی جھلک دیکھ کر  مداح خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔

بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم سردار جی 3 کا آفیشل ٹریلر جاری کر دیا گیا، جس میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی موجودگی نے مداحوں کو حیران کر دیا۔

فلم کا ٹریلر یوٹیوب پر وائٹ ہِل میوزک کے چینل سے ریلیز ہوا، جس میں دلجیت دوسانجھ کے ساتھ ساتھ نیرو باجوہ، ہانیہ عامر، ناصر چنیوٹی اور دیگر معروف فنکاروں نے جلوہ گر ہونے کی جھلک دکھائی۔ فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے۔

ٹریلر میں ہانیہ عامر کو نمایاں طور پر دکھایا گیا، جس پر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ اس سے قبل سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ہانیہ عامر کا کردار فلم سے نکال دیا گیا ہے یا اسے دوبارہ شوٹ کیا جا رہا ہے، تاہم ٹریلر نے ان تمام قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کر دیا۔

مداحوں نے سوشل میڈیا پر ہانیہ کی جھلک کو خوب سراہا۔ ایک صارف نے لکھا: "کہاں ہیں وہ لوگ جو کہتے تھے ہانیہ فلم سے نکال دی گئی؟” ایک اور صارف کا کہنا تھا: "ہانیہ نے ‘میرے ہمسفر’ سے لے کر پنجابی انٹرنیشنل فلم تک خود کو ثابت کر دیا ہے۔”

Back to top button