بھارتی ایما پرافغانستان کاپاکستان پرحملہ ناقابل برداشت ہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے 40 سال تک افغان بھائیوں کو پاکستان میں پناہ دی مگر پھر بھارتی ایما پر پاکستان پر حملہ کردیاجوناقابل برداشت ہے۔
اجلاس میں دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔افغانستان سے جاری فتنہ ہندوستان کی شرانگیزیوں اور خوارج کی کارروائیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور قومی اور عالمی امور پر تفصیل سے غورکیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ہم نے افغان حکومت کو بارہا سمجھانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لوگ ہمارے بھائی ہیں اور ہمارے درمیان تقریباً 2 ہزار کلومیٹر کا سرحدی خطہ موجود ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان شہریوں کی مدد خلوص نیت سے کی ہے جہاں 40 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین دہائیوں سے رہائش پذیر ہیں اور ان کی خدمت کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ دہشت گرد تنظیم فتنتہ خوارج کو افغانستان سے پاکستان میں کارروائیاں کرنے کی کھلی چھٹی حاصل ہے جس کی وجہ سے ہمارے شہری، فوجی، پولیس اور دیگر اہلکار شہید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور دیگر حکام کابل گئے تاکہ افغان حکام کو بتایا جائے کہ ہم قیامت تک ایک دوسرے کے ہمسایہ رہیں گے اور امن ہی ترقی کی کنجی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب حملے ہو رہے تھے تو افغان وزیر خارجہ بھارت میں موجود تھے، جس کی وجہ سے پاکستان کو مجبوراً سخت جواب دینا پڑا۔
