شہباز حکومت آنے کے بعد پاکستان اور چین کے باہمی روابط میں اضافہ ہوا : چینی سفیر
پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ کا کہنا ہے کہ نئی حکومت آنے کے بعد پاکستان اور چین کے باہمی روابط میں اضافہ ہوا ہے،چار ماہ کے اندر پاک چین قیادت کی دوبارہ ملاقات دو طرفہ قریبی تعلق کا مظہرہے۔
چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نےکہا کہ چینی وزیر اعظم نے اپنےدورے کے دوران صدر وزیر اعظم،اسپیکر، چیئرمین سینیٹ ،آرمی چیف اور دیگر سکیورٹی عہدیداروں سمیت پاکستانی قیادت سے چینی شہریوں کےتحفظ کا معاملہ اٹھایا ہے،چین چاہتا ہے کہ اس کے شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد کیفر کردار تک پہنچیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتےہوئے چینی سفیر نےکہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا شکار ہونےوالے چینی شہری معصوم تھے اور پاکستان کی ترقی کے منصوبوں پر کام کررہے تھے۔
چینی سفیر نے کہاکہ پاکستان میں ایس سی او کا کامیاب انعقاد ہوا، چینی وزیر اعظم نے وزیر اعظم شہباز شریف کےہمراہ گوادر کے جدید ائیرپورٹ کا افتتاح کیا جب کہ چینی وزیر اعظم کےدورے کے دوران کئی اہم ایم او یوز پر بھی دستخط ہوئے۔
ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش ہے : وزیر اعظم شہباز شریف
چینی سفیر نےکہا کہ چین کے وزیر اعظم کےساتھ ملاقاتوں میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ وہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گےاور چینی شہریوں پر حملوں کی تحقیقات کریں گے۔
جیانگ ژی ڈونگ کا کہناتھا کہ وہ دہشت گردی سے لڑکر قربانیاں دینےوالی پاکستانی فوج اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتےہیں۔